وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس، پولیس کا 2005 سے منجمد فکس ڈیلی الائونس 2013 کی شرح کے مطابق بحال کرنے کی منظوری

پولیس کے ساتھ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس اورٹریفک وارڈنز کو بھی فکس ڈیلی الاؤنس 2013ء کی شرح سے ملے گا سول سیکرٹریٹ کے گریڈ ایک تا 16 ملازمین کیلئے بھی بنیادی تنخواہ کے 1.5گنا کے تناسب سے خصوصی الائونس کی منظوری سمیت اہم فیصلے

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:38

لاہور۔20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں پولیس کا 2005 سے منجمد فکس ڈیلی الائونس 2013 کی شرح کے مطابق بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔پولیس کے ساتھ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس اورٹریفک وارڈنز کو بھی فکس ڈیلی الاؤنس 2013ء کی شرح سے ملے گا۔

اجلاس میں کیڈرپوسٹ پر تعینات سول افسران کیلئے ایگزیکٹو الائونس کی منظوری د ی گئی۔سول افسران کوان کی بنیادی تنخواہ کی1.5گنا کے تناسب سے ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کابینہ نے سول سیکرٹریٹ کے گریڈ ایک تا 16 ملازمین کیلئے بنیادی تنخواہ کے 1.5گنا کے تناسب سے خصوصی الائونس کی منظوری بھی دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی اور اس ضمن میں آئندہ سے زمین شفاف طریقے سے الاٹ کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے سکروٹنی کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں تحصیل صادق آباد کے علاقے چولستان میں پی پی ایل کو تیل کی تلاش کے لئے اراضی دینے کی منظوری دی گئی۔کابینہ اجلاس میں حالیہ بارشوں ،طوفان اورژالہ باری کے باعث کاشتکاروں کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے امدادی پیکیج کی منظوری دی گئی۔27 اضلاع کے 55 متاثرہ دیہات کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا،آبیانہ اور مالیہ معاف ہوگا۔

وزیر اعلی نے دریائے جہلم سے بعض علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کی پہلی سیاحتی پالیسی کی اصولی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاحوں کی دلچسپی کے حصول کیلئے خصوصی مراعات کا پیکیج تیار کیا جائے گا۔ سیاحت کے فروغ سے پنجاب اور پاکستان کا سافٹ امیج ابھرے گا۔

انہوںنے کہا کہ سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے نجی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔اجلاس میں میٹرک اورایف اے ،ایف ایس سی کے امتحانات کے لئے گریڈنگ سسٹم مرحلہ وار متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلا مرحلہ نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ امتحانات کیلئے گریڈنگ سسٹم یکساں نظام تعلیم کی جانب اہم قدم ہے جس سے رٹہ سسٹم کا خاتمہ ہوگا۔

ایسا نظام تعلیم دیں گے کہ ہمارے بچے انٹرنیشنل لیول پر مقابلہ کرسکیں۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ گریڈنگ سسٹم کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے ۔اجلاس میں سرکاری اراضی ڈسپوزل پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔پنجاب کابینہ نے آئندہ سے سرکاری اراضی اوپن آکشن کے تحت لیزپر دینے کی منظوری دی۔بے زمین کاشتکاروں کو لیز پر دی جانے والی اراضی کے مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کیا گیا،جن کاشتکاروں نے 80فیصد اراضی کو آباد کیا ہے انہیں مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔

اجلاس میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سیالکوٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔کابینہ اجلاس میں مالی سال2016-17اور2018-19کے پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کی آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے مرتب کی جانیوالی آڈٹ رپورٹس کی منظوری دی گئی۔کابینہ کی منظوری کے بعد آڈٹ رپورٹس پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس ضمن میں قائم کی جانے والی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی گئی۔

صوبائی کابینہ کے 13ویں اور14ویں اجلاسوں کے منٹس کی توثیق کی گئی۔ کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 10ویں اور11ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزراء،مشیران ،معاونین خصوصی ،چیف سیکرٹری اوراعلی حکام نے شرکت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں