زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا ایسے سمجھتا ہوں جیسے مردار کھانا

میرے خلا ف من گھڑت اور جھوٹی خبر چھپوائی گئی ہے،شہباز شریف

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 21 جولائی 2019 05:02

زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا ایسے سمجھتا ہوں جیسے مردار کھانا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2019ء)   برطانوی اخبار ڈیلی میل کی کہانی نے شہباز شریف کو بھی مشکل میں ڈال رکھا ہے اسی لیے تو وہ ہر موقعہ پر صفائیاں دیتے نظر آتے ہیں۔اگرچہ ڈیلی میل اخبار کا نمائندہ اپنی خبر پر ڈٹ کے کھڑا ہے کہ ایرا کے حوالے سے یو کے ایڈ سے ملنے والے پیسوں کی خورد برد کے اس کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں مگر امداد دینے والا ادارہ اور شہباز شریف اس خبر کی تردیدکرتے نظر آتے ہیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ زلزلہ زدگان کی امداد میں خورد برد سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے، وہ زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا مردار کھانے کے برابر سمجھتے ہیں۔احتساب عدالت لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں شہبازشریف عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جس کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔شہبازشریف نے دورانِ سماعت عدالت کے روبرو بیان دیا کہ حمزہ شہباز نیب کی تحویل میں ہیں ان کو نیب نے ہی پیش کرنا تھا، مجھے آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا، الحمداللہ اب میں ضمانت پر ہوں، پھر بھی میں ہر پیشی پر عدالت میں حاضر ہوتا ہوں۔

برطانوی اخبار کی خبر پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میرے متعلق جو اسٹوری لگائی گئی وہ انتہائی مضحکہ خیز ہے، زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا ایسے سمجھتا ہوں کہ جیسے مردار کھانا، پتہ نہیں جھوٹی اسٹوری چھپوانے کی کیا ضرورت تھی۔میں نے وزیر اعظم کو خط لکھا کہ ایرا میں جو شخص تھا نیب اس وقت کہاں تھی۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ میں نے اگر خیانت کی ہوتی تو پھر اس شخص کو بھی عدالت میں پیش کرتے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں