آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیولنک کانفرنس

سیف سٹی لاہورکی طرز پر میانوالی ، سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولنگرمیں پولیس سرویلنس سسٹم کے آغاز کا فیصلہ اضلاع کے کرائم ہٹ ایریاز اور محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر پولیس سرویلنس سسٹم کو فعال کیا جائے‘ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان

پیر 22 جولائی 2019 23:42

لاہور۔22 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ عصر حاضر میںجدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے بغیر پولیسنگ کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونا ممکن نہیں لہذا سیف سٹی کی طرز پر صوبے کے چار اہم اضلاع میانوالی ، سیالکوٹ ، رحیم یار خان اور بہاولنگر میں بھی ابتدائی طور پر مانیٹرنگ کے جدید نظام پر مبنی پولیس سرویلنس سسٹم ( پی ایس ایس )کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ سٹریٹ کرائم ، ٹریفک مینجمنٹ سمیت جرائم کی دیگر وارداتوں میں پولیس فورس کا رسپانس ٹائم مزیدبہتربنا کر سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کا عمل مزید تیزکیا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا ‘جلاس میں سیف سٹی کی طرز پر صوبے کے چار اہم اضلاع میں پولیس سرویلنس سسٹم کے آغاز سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع میں کرائم ہٹ ایریاز اور محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر بطور خاص سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں جو جدید انٹیگریٹڈ نظام کے تحت نہ صرف آپس میں مربوط ہوں بلکہ مجالس، جلوسوں ،احتجاجی ریلیوں ، ایمر جنسی سمیت ہر طرح کی صورتحال میںفیلڈ ڈیوٹی پر مامور افسران واہلکاروں کو گردوپیش کے حالات سے باخبر رکھیں ۔

انہوںنے مزید کہا کہ یکم ستمبر2019تک پولیس سرویلنس سسٹم کو چاروں اضلاع میں فعال کیا جائے۔ انہوں نے مینجنگ ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی لاہورکو تاکید کی کہ وہ چاروں اضلاع میں پولیس سرویلنس سسٹم کے آغاز اور نفاذ میں چاروں اضلاع کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو مکمل راہنمائی اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں تاکہ ان پراجیکٹس کو جلد از جلد فعال بنا کر آپریشنل کیا جا سکے ۔

کانفرنس کے دوران آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر 300سے زائد مقامات پر کیمرے لگائے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس سرویلنس سسٹم کی بدولت چاروں اضلاع میں حساس مقامات اور شاہراہوں کی نگرانی کا عمل مزید بہتر ہوجائے گاجس سے پولیس فورس کو دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں خصوصی مدد ملے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سرویلنس سسٹم میں لاہور سیف سٹی کی طرز پٹرولنگ فورسز اور فرسٹ رسپانڈرز کو بے جا ڈیوٹیوں کے بوجھ سے آزاد رکھا جائے تاکہ ایمر جنسی صورتحال میںفیلڈ ڈیوٹی پر مامور افسران واہلکاروں کا رسپانس ٹائم مزید بہتر سے بہتر ہوسکے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل ان چاروں شہروں میں پولیس سرویلنس سسٹم کو ہر صورت فعال کردیا جائے اور اگر اس سلسلے میں وسائل کی کمی، تکنیکی معاونت سمیت کوئی اور تعاون درکار ہے تو فوری طور سنٹرل پولیس آفس کو مطلع کیا جائے تاکہ وسائل کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے ۔

کانفرنس میں ایم ڈی سیف سٹی علی عامر ملک،چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی اکبر ناصر خان ، ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی احسن یونس، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر خرم علی سمیت آر پی اوز گوجرانوالہ ، سرگودھااور رحیم یار خان کے علاوہ متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز بھی موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں