وزیراعظم نے واشنگٹن میں بھی ڈی چوک والی تقریر کی

موجودہ حکمران دوست ملکوں کو بھی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں،احسن اقبال

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 23 جولائی 2019 07:25

وزیراعظم نے واشنگٹن میں بھی ڈی چوک والی تقریر کی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2019ء)   ن لیگ کے اب دیگر راہنما بھی مریم نوازاور نواز شریف کے بیانیے پر عمل پیرا نظر آتے ہیں اور ان کے بیانات اور میڈیا ٹاک سے یہ تاثر ابھر رہاہے کہ وہ مرو یامارو کی پالیسی پر اتر چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ حکومت کو ہمیشہ آڑے ہاتھوں لیتے نظر آتے ہیں۔اپوزیشن کی طرف سے پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بیرون ممالک ایجنڈے اور گفتگو پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ قومی احتساب بیورو کو تحریک انصاف کی حکومت بچانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں دیگر لیگی رہنماو¿ں مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لبادے میں بدترین آمریت مسلط کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کی کردار کشی کی جا رہی ہے اور لیڈروں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔

اب ہم آئین کی حکمرانی پر کسی قسم کا سجھوتہ نہیں کر سکتے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ’سلیکٹڈ‘ وزیراعظم کے پاس کوئی سوچ ہے اور نہ ہی تجربہ، ہر جگہ الزام تراشی کرکے ملک کی بدنامی کراتے ہیں، انہوں نے واشنگٹن میں بھی ڈی چوک والی تقریر کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 72 سال ملک کے عوام کے فیصلوں کو روندا ہے، ہم اگلے 72 سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

اب فیصلہ کن جدوجہد کا وقت آ گیا ہے، یہ جنگ ہماری نہیں آنے والی نسلوں کی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل این جی پلانٹ سے گیس کی کمی پر قابو پایا گیا۔ شاہد خاقان عباسی کا گناہ دنیا کا سستا ترین ایل این جی پلانٹ لگانا ہے، وہ یہ کام نہ کرتے تو معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچتا۔ سابق وزیراعظم نے معیشت کو نقصان سے بچایا۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ قطر کیساتھ تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قطر نے بہترین نرخوں پر پاکستان کو مشکل وقت میں ایل این جی دی۔ مگر یہ حکمران دوست ملکوں کو بھی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں