مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس، حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے،دوست محمد مزاری

پیر 19 اگست 2019 18:53

مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس، حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے،دوست محمد مزاری
لاہور۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر پر حکومتِ پا کستان کے مطالبہ پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اور اس کے موقف کی حمایت کرنا پاکستان کی سفارتی سطح پر بہت بڑی کامیابی ہے۔ تحریکِ انصاف کی حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے کہ سفارتی سطح پر بھارت کو کشمیر کے معاملہ پر شکست ہوئی اور 15اگست کو پوری دنیا نے بھارت کے یومِ آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر نہتے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت داخلہ و خارجہ دونوں سطح پر کامیابی سے پاکستان کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے اور آج پاکستان نے بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے پوری دنیا میں مظلوم کشمیریوں کے لیے ہمدردیاں پیدا کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

قائمقام سپیکر نے مزید کہا کہ بھارت کو اقوامِ عالم میں سفارتی سطح پر شکست ہو چکی ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی جارحانہ رویہ اپناتے ہوئے ہم پرجنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے اور مودی سرکار کو پوری عالمی دنیا میں ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا ، نہ ہے اور نہ ہی بھارت کا حصہ بننے دیں گے۔پاکستان تحریکِ انصاف کا منشور اور ہر پاکستانی فرد کی صرف ایک ہی آواز ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں