ایجنٹ مافیا کا کاروبار بند، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس ادائیگی کے نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا

محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس ادائیگی کے لیے آن لائن سسٹم لانے کا فیصلہ کر لیا، فیس کسی بھی بینک میں جمع کروائی جا سکے گی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 20 اگست 2019 00:20

ایجنٹ مافیا کا کاروبار بند، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس ادائیگی کے نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19اگست2019ء) گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس ادائیگی کے نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس ادائیگی کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ حکومت کو 90 روز میں آن لائن سسٹم سے متعلق رپورٹ پیش کرے گا، فیس کسی بھی بینک میں جمع کروائی جا سکے گی۔

اس نئے نظام کے بعد کار مالکان کو ٹیکس کی ادائیگیوں کیلئے ایکسائز دفاتر میں نہیں جانا پڑے گا اور وہ بغیر کسی پریشانی رقم بینک میں جمع کروا سکیں گے۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے موٹرسائیکل اور رکشے پر ودہولڈنگ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے محکمہ ایکسائزسندھ کو ٹیکس کی وصولی کیلئے خط لکھا ہے جس کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس لگنے کے بعد موٹر سائیکل کی رجسٹریشن میں 17 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خط میں وفاقی حکومت کی جناب سے کہا گیا ہے کہ اِس وقت موٹر سائیکل کی رجسٹریشن فیس 3 ہزار 400 روپے ہے اور اب ودہولڈنگ ٹیکس لگنے کے بعد موٹر سائیکل کی رجسٹریشن فیس 3ہزار 400روپے سے بڑھ کر 20 ہزار 900 روپے ہو جائے گی۔ خط کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کے بعد رکشے کی رجسٹریشن میں 7 ہزار روپے کا اضافہ کیا جائے گا اور رکشے کی رجسٹریشن جو کہ 3 ہزار 100 روپے ہے وہ 3ہزار 700روپے سے بڑھ کر 10 ہزار 750 روپے ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کراچی کیلئے جائیداد کی نئی قیمت کا تعین بھی کرلیا ہے جس کے تحت جائیدادوں کی قیمت میں 66 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ یہ تجویز بھی زیرِ غور ہے کہ تمام گاڑیوں کے ٹوکن، ٹول اور ٹرانسفر ٹیکس ختم کر دیے جائیں اور اسکے بدلے میں فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ اضافی کر دیا جائے لیکن اس حوالے سے ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں