کشمیر کی آواز کوئی نہیں سنتا،ہم اپنے غصے کی آگ میں جل رہے ہیں

ہم سری نگر کی حفاظت ایسے کر رہے ہیں جیسے لائن آف کنٹرول پر پہرے داری کر رہے ہوں،کشمیری نوجوان

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 21 اگست 2019 06:38

کشمیر کی آواز کوئی نہیں سنتا،ہم اپنے غصے کی آگ میں جل رہے ہیں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست2019ء)   ’ظلم آخر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے‘غیرت و حمیت کا جذبہ جن قوموں میں موجود ہوتا ہے وہ کسی کو اپنے اوپر حکومت نہیں کرنے دیتے۔اگر کوئی بزور چڑھائی کر بھی لیتا ہے تو وہ زیادہ عرصے تک کامیاب نہیں ہوپاتا۔بھارت نے بھی بھاری اسلحہ اور بٹالین کی بٹالین کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کو فتح کر نے کے لیے اتار رکھا ہے مگر آج  ۳ ہفتے ہونے کو آئے ہیں کہ وہ سری نگر کے مکمل علاقے کو اپنے قابو میں نہیں کر سکے۔

کشمیری عوام بھارتی بندوقوں کا مقابلہ اینٹ اور پتھر سے کر رہے ہیں مگر ان کی جیت کا سہرا ان کے جذبے اورحمیت میں پنہاں ہے۔مقبوضہ کشمیر میں سری نگر کے علاقے سورہ کو کشمیری نوجوانوں نے پہرے داری نظام بنا کر بھارتی فوج کیلئے نو گو ایریا بنادیا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق کشمیری نوجوان دن رات سری نگر کے علاقے سورہ کی پہرے داری کررہے ہیں جس کے باعث قابض بھارتی فوج 16 دن گزرنے کے بعد بھی اس علاقے میں داخل ہونے میں ناکام ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا کہ نوجوان کشمیریوں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بھارتی فوج کا داخلہ روک رکھا ہے جبکہ نوجوانوں نے پہرے داری کا نظام بنالیا، جہاں نوجوانوں کی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں۔سڑکوں پر اینٹیں، درختوں کی شاخیں اور لوہے کی چادریں لگا کر سڑکیں بلاک کردی گئیں، بھارتی فوج گھسنے کی کوشش کرے تو مساجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اعلانات کرکے نوجوانوں کو اکٹھا کیا جاتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں کشمیری نوجوان کا کہنا ہے کہ ہماری کوئی آواز نہیں، ہم اپنے غصے کی آگ میں جل رہے ہیں، دنیا ہمیں نہیں سنے گی تو ہم کیا کریں گے؟ کیا بندوقیں اٹھالیں؟ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سورہ کے دو درجن مکینوں سے گفتگو کی جس میں سب نے ہی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ظالم کہا۔ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ ہمیں لگ رہا ہے جیسے ہم لائن آف کنٹرول کی پہرے داری کر رہے ہیں، ہر روز بھارتی سورہ میں گھسنے کی کوشش کرتے ہیں اور ہر روز ہم انہیں بھگادیتے ہیں۔

مقبوضہ وادی میں مواصلات، ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ معطل ہے جبکہ مسلسل 16 روز سے جاری کرفیوں کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ مگر اس کے باوجود بھی نہتے مگر غیرت مند کشمیر بھارت کے سامنے سینہ سپر ہو گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں