جتنے پرانے ہم جنگی طیارے اڑا رہے ہیں اتنی پرانی تو کوئی گاڑی نہیں چلاتا

بھارتی ایئرفورس کے سربراہ نے اپنی جنگی تیاریوں کا بھانڈا پھوڑ دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 21 اگست 2019 06:48

جتنے پرانے ہم جنگی طیارے اڑا رہے ہیں اتنی پرانی تو کوئی گاڑی نہیں چلاتا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست2019ء)   بھارت کی گیدڑ بھبکیوں پر جائیں تو جیسے ہمیں کچا چبا جائے گااور اگر زمینی حقائق دیکھیں تو جب بھی اس نے ہماری طرف میلی آنکھ دیکھنے کی کوشش کی ہے تو ہم نے ان کا منہ نوچ لیا ہے۔زیادہ دور نہ بھی جائیں تو رواں برس فروری کے مہینے میں جو کچھ ہوا وہ ساری دنیا نے دیکھا ہم نے نہ صرف بھارتی جنگی طیارے مار گرائے بلکہ ان کا پائلٹ بھی گرفتار کر لیا تھا۔

اس قدر ہزمیت اٹھانے کے باوجود بھی بھارت نہیں سدھرااور اس نے اپنے ملک میں بپا شورش اورمختلف ریاستوں کی جانب سے جاری علیحدگی پسند قوتوں کا بدلہ لینے اور اپنی توجہ بٹانے کے لیے کشمیر پر چڑھائی کر دی ہے۔نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کے ساتھ ساتھ انڈیا پاکستان پر حملے کی دھمکی بھی دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں انکے وزیر دفاع نے ایٹم بم چلانے کا بھی کہا تھا مگر اس سے پہلے کہ وہ ایٹم بم کی دھمکی کو عملی جامہ پہناتے ان کے اپنے ہی ایئر فورس سربراہ نے مودی حکومت سمیت ریاستی اداروں کا جامہ ہی اتار دیا ہے۔

بھارتی ائیر فورس کے سربراہ بریندر سنگھ دھنووا نے اپنے ہی ادارے کے مخدوش حالات کا بھانڈا پھوڑ دیا۔گزشتہ دنوں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دنیا کا امن خطرے میں ڈالتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کی دھمکی دی تھی لیکن اب بھارت کے ائیر چیف نے خود ہی اپنے ادارے کے مخدوش حالات کا بھانڈا پھوڑ ڈالا ہے۔

بھارتی ائیرچیف بریندر سنگھ دھنووا نے نئی دہلی میں ہونے والے سیمینار میں بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں کہا کہ مگ 21 طیارے 44 سال پرانے ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی مگ 21 طیارے اُڑارہے ہیں، اتنی پرانی تو کوئی گاڑیاں بھی نہیں چلاتا۔خیال رہے کہ روسی ساختہ مگ 21 طیارے بھارتی فضائی بیڑے میں 74-1973 میں شامل کیے گئے تھے اور یہ طیارے اب بھی بھارتی فضائیہ استعمال کرتی ہے۔

کئی مگ 21 طیارے دوران پرواز حادثات کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال فروری میں پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرائے تھے جس میں ایک مگ 21 بھی شامل تھا۔ پاکستان نے گرائے جانے والے مگ 21 کے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا جسے بعد ازاں پروقار طریقے سے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں