چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

عدالت نے 4 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 21 اگست 2019 11:02

چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2019ء) : چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نعیم ارشد نے کیس کی سماعت کی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز سے دوران تفتیش متعدد سوالات کئے کسی کا جواب نہ ملا، ان سے پوچھا گیا کہ پیسے آپ کے اکاؤنٹ میں کیوں آئے ؟ مریم نواز نے جواب دینے کے بجائے کہ دیا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں، انہوں نے چوہدری شوگر ملز کے شیئر منتقل ہونے کے بارے کچھ نہیں بتایا۔

جس کے بعد عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے مبینہ فرنٹ مین آفتاب محمود، قاسم قیوم اور فضل داد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی، احتساب عدالت نے انہیں 3 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو 8 اگست کو نیب نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے حراست میں لیا تھا جس کے بعد وہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گرفتاری کے بعد نیب کے نام ایک تحریری خط بھی جمع کروایا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مجھے گرفتار کرنے کی وجوہات وہ نہیں ہیں جو نیب نے بتائی ہیں۔ مریم نواز نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ میرا جُرم صرف اتنا ہے کہ میں نا انصافی کے خلاف کھڑی ہوئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے جرائم بہت زیادہ ہیں جنہیں الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

جو کمزور دل کے مالک ہیں وہ میرے جُرم کو بیان نہیں کر سکتے، اُن کا کام میں آسان کر دیتی ہوں۔ میں کسی کے ظلم کا نشانہ نہیں بنتی نہ ہی میں جُھکتی ہوں، نہ ہی میں ہراساں ہوتی ہوں۔ کچھ لوگ مجھے ہراساں کرنا اور قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ منتخب ہو چکے ہیں یا منتخب کیے گئے میں ان کے سامنے نہیں جُھکوں گی ، میرا جُرم یہ ہے کہ میں نا انصافی کے خلاف کھڑی ہوتی ہوں، میں اپنے بے گناہ باپ کے ساتھ کھڑی ہوں اور میں اپنے والد کی جمہوریت کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی رہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ جُرم ہے تو میں فخر سے کہتی ہوں کہ میں مجرم ہوں۔ نیب ذرائع کے مطابق اپنے اوپر عائد الزامات سے متعلق لیگی رہنما مریم نواز نے ایک بھی جواب نہیں دیا بلکہ اُلٹا نیب اور قومی اداروں پر الزامات عائد کیے۔ اپنے تحریری جواب میں مریم نواز نے نیب کے علاوہ دیگر قومی اداروں پر بھی الزامات کی بوچھاڑ کی۔ مریم نواز کے اس تحریری خط کو نیب کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کو جمع کروایا گیا۔ نیب ذرائع کے مطابق مریم نواز کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، ان سے جو سوالات کیے جاتے ہیں وہ اُس کا تسلی بخش جواب دیتی ہیں اور نہ ہی نیب کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے ساتھ کوئی تعاون کر رہی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں