سرکاری دفاتر کی ذاتی عمارتوں میں منتقلی محکموں کے اضافی اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے‘ہاشم جواں بخت

حکومت پہلے سے موجود سرکاری عمارات میں دفاتر کی گنجائش میں اضافے اور نئی بلڈنگز کی تعمیر کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور کثیر منزلہ ڈیزاینز کی تیاری کی پلاننگ کر رہی ہے‘صوبائی وزیر خزانہ

بدھ 21 اگست 2019 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) کرائے کی عمارتوں میں قائم شدہ سرکاری دفاتر کی بتدریج ذاتی عمارتوں میں منتقلی ، سرکاری اراضی کے موثر استعمال اور نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری کے طریقہ کار اور کم لاگت سے موزوں طرز تعمیرسے متعلق تجاویز اور سٹیک ہولڈز سے مشاورت کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر تشکیل کردہ سٹیرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حبیب الرحمان گیلانی،ایڈیشنل سیکرٹری ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عمران سکندر ، سیکرٹری فنانس عبداللہ سنبل اور سیکرٹری بورڈ آف ریونیو شوکت علی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے اجلاس کو کمیٹی کے وظائف سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی کی تشکیل کا مقصدسرکاری اراضی پر کم لاگت سے تیار ہونے والے ماحول دوست دفاتر کی تعمیر اور خالی بلڈنگز کو ضرورت کے مطابق قابل استعمال بنانے کے لیے لائحہ عمل کی تیاری ہے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری دفاتر کی کرائے کی عمارتوں سے ذاتی عمارتوں میں منتقلی محکموں کے اضافی اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے۔

سرکاری اراضی اور عمارتوں کی موجودگی میں کرائے کی بلڈنگز بلاجواز ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجاب پہلے سے موجود سرکاری عمارات میں دفاتر کی گنجائش میں اضافے اور نئی بلڈنگز کی تعمیر کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور کثیر منزلہ ڈیزاینز کی تیاری کی پلاننگ کر رہی ہے ۔ منصوبہ کے تحت توانائی کی بچت اورموسموں کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کشادہ، روشن اور سرسبز عمارتیں تعمیر کی جائیں گی ۔

اس مقصد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد IDAPکی معاونت سے ڈیزائن تیار کیے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ کمیٹی کو کرائے کی عمارتوں میں قائم سرکاری دفاتر بشمول اتھارٹیز ،زیر استعمال اور خالی سرکاری عمارات اورسرکاری اراضی کی تفصیلات سے آگاہ کریں تاکہ معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے ۔ اجلاس میں افسران کی رہائشی کالونیوں سے متعلق منصوبہ جات سے بھی زیر بحث لائے گئے ۔

صوبائی وزیر کومنصوبہ جات کی موجودہ صورتحال اور اخراجات پر بریفنگ دی گئی ۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے ٹرانسپورٹ آفس لاہور کا بھی دورہ کیا جہاں انھوں نے صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں لاہور میں نئی بسوں کی خریداری ، مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ پارٹنر شپ اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کمپنیوں بشمول کریم، اوبر اور ائیر لفٹ سے متعلق معاملات اور میٹرو بسوں کے کرایہ میں اضافے کے حوالے سے میکانزم کی تیاری پر تبادلہ خیال ہوا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں