ٓ لیاقت بلوچ سے برطا نیہ سے آنیوالے وفد کی ملاقات،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

مودی کا غرور غرق ہوجائیگا ، بھارت کے اندر سے بھارتی زوال کی تحریکیں اٹھیں گی ، نائب امیر جماعت اسلامی

بدھ 21 اگست 2019 21:20

ٓ لیاقت بلوچ سے برطا نیہ سے آنیوالے وفد کی ملاقات،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال
K لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ سے برطانیہ سے آئے ہوئے حجاج کرام کے وفد اور یو کے اسلامک مشن کے قائدین نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہاکہ برصغیر کی تقسیم کے موقع پر 1947 ء میں پاکستان اور بھارت دو آزاد ملک وجو د میں آئے لیکن ہندو برہمن اور انگریز سرکار کی سازش اور ناانصافی سے جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے برعکس بھارت کو ناجائز قبضہ کا موقع دے دیا ۔

مجاہدین اور کشمیری عوام نے گلگت بلتستان اور وادی کشمیر کا کچھ حصہ آزاد کرالیا لیکن ریاست کے باقی حصہ کی آزادی سے پہلے ہی خود بھارت اقوام متحدہ گیا اور ہندو سرکار نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی قرار دادوں سے اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

72 سال سے کشمیر ی جدوجہد اور لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ۔ برطانیہ اب مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کلید ی کردار ادا کرسکتاہے ۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری متحد ہو کر آگہی اور عوامی سفارت کاری کے لیے کردار ادا کریں ۔ جموں و کشمیر کے حریت پسند عوام کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی ۔ نریندر مودی کا غرور ، تکبر اور وحشت غرق ہوگی ، بھارت کے اندر سے بھارتی زوال کی تحریکیں اٹھیں گی ۔لیاقت بلوچ نے ملکی صورتحال پر سوالات کے جواب میں کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں نے نوازشریف اور زرداری خاندان کے مقابلہ میں عمران خان کے لیے بے مثال مدد اور حمایت کی ۔

بجاطو ر پر ملک کے اندر اور اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی تبدیلیوں کی توقعات تھیں ۔ حکومت اور فو ج بھی ایک پیج پر ہیں لیکن حکومتی نااہلی اور ریاستی نظام چلانے کا کوئی وژن اور ٹیم نہ ہونے کی وجہ سے مہنگائی ، بے روزگاری ، افراط زر ، قرضے اور سود بڑھ رہے ہیں ۔ عوام خصوصاً لوئر اور اپر مڈل کلاس کا کچومر نکل گیاہے ۔ حالات کو بدلنے کے لیے بااعتماد ، باصلاحیت ، خدمت گزار اور مضبوط ٹیم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گی ۔ بیرون ملک پاکستانی جماعت اسلامی کی حمایت کریں ، انشاء اللہ سرخرو ہوں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں