نیب کا شہبازشریف سے ان کے گھر جاکر تحقیقات کا فیصلہ

نیب ٹیم 29 اگست کو شہبازشریف کی رہائشگاہ جاکر کرپشن کیس کی تحقیقات کرے گی، شہبازشریف بیماری کی وجہ سے تفتیش کیلئے نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 23 اگست 2019 16:28

نیب کا شہبازشریف سے ان کے گھر جاکر تحقیقات کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اگست 2019ء) نیب نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ان کے گھر جاکر تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے، نیب ٹیم 29اگست کو سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کی رہائش گاہ جاکر کرپشن کیس کی تحقیقات کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے نیب آفس میں انکوائری کیلئے پیش نہ ہونے پر نیب نے شہبازشریف سے ان کے گھر جاکر تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے، نیب ٹیم 29اگست کو سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کی رہائش گاہ جاکر کرپشن کیس کی تحقیقات کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی کمر اور ٹانگوں میں تکلیف کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں مزید 10 روز کے لیے مکمل آرام کی ہدایت کردی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں کمر اور ٹانگوں میں تکلیف کے باعث مزید 10 دن کے لئے مکمل آرام کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کی طبی صورتحال کے پیش نظر دو ہفتوں بعد ڈاکٹرز دوبارہ ان کا طبی معائنہ کریں گے، شہباز شریف کو یوم آزادی پر تقریب کے دوران دھکم پیل میں کمر پر چوٹ لگی تھی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کمر میں تکلیف کے باعث اپوزیشن کی اے پی سی میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔ اسی طرح لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کامزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 4 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے حمزہ شہباز کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے مخالفت کی۔ نیب نے موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں لاکھوں ڈالر کی رقوم ایسے افراد کے ذریعے بھجوائی گئی جن کے ابھی پاسپورٹ بھی نہیں بنے تھے۔ رانا ظہیر فیصل آباد میں کپڑے کی دوکان پر ملازم ہے جس کا پاسپورٹ بھی نہیں بنا لیکن اس نے لندن سے حمزہ کو ایک لاکھ ڈالر بھجوائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں