وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس

وزیرہائوسنگ میاں محمودالرشید، وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت ، چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھراورمشیروزیراعلیٰ سلمان شاہ کی شرکت ×پراجیکٹ کے تحت متعدد اضلاع میں مکانات اور اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے زمین کی نشاندہی کا عمل جاری ہے : میاں محمودالرشید نیاپاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے فول پروف مالی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے : ہاشم جواں بخت ، پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں: چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر

جمعہ 23 اگست 2019 22:20

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں وزیرہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید، وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت ، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھراوروزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ نے شرکت کی جبکہ سینئر ممبربورڈ آف ریونیو شوکت علی، چیئرمین پی اینڈ ڈی حبیب الرحمن گیلانی ، سیکرٹری خزانہ عبداللہ سنبل، سیکرٹری ہائوسنگ نسیم صادق، ڈی جی پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی لیاقت چٹھہ اور جنرل سیکرٹری پنجاب ہائوسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کے دوران نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت مختلف اضلاع میں زمین کے حصول اور فنڈز کے اجراء کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیرہائوسنگ میاں محمود الرشید نے اس موقع پر کہاکہ صوبے کے متعدد اضلاع میں نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت مکانات اور اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے زمین کی نشاندہی کا عمل جاری ہے اور نجی شعبے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی اس پراجیکٹ میں شمولیت یقینی بنانے کیلئے متعدد آپشنز زیر غورہیں۔

وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت نے کہاکہ نیاپاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے فول پروف مالی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ماضی کی طرح کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی کا منصوبہ محض کاغذوں تک محدود نہ رہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے اس موقع پر کہاکہ نیاپاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں