یورپ کی سب سے بڑی اور خوب صورت مسجد کا افتتاح کر دیا گیا

روس کے علاقے میں تعمیر کی جانے والی یہ مسجد مغربی دنیا کی بڑی مساجد میں شمار ہونے لگی

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 24 اگست 2019 05:49

یورپ کی سب سے بڑی اور خوب صورت مسجد کا افتتاح کر دیا گیا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست2019ء)   اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ مظالم مسلمانوں پر ہی ڈھائے جا رہے ہیں مگر اس کے باوجود اسلام ساری دنیا میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے۔دنیا بھر میں ایسی ایسی خوبصورت مساجد تعمیر کی جا رہی ہیں کہ دیکھ کر دل اش اش کر اٹھتا ہے۔اور حیرانی کی بات ہے یہ مساجد غیر مسلم ممالک میں زیادہ تیزی سے تعمیر کی جا رہی ہیں۔

حال ہی میں یورپ میں ایک انتہائی خوبصورت اور شاندار مسجد تعمیر کی گئی ہے جس کی دنیا بھر میں دھوم مچی ہے۔ روس کے وفاقی علاقے چیچنیا میں انتظامیہ نے ایک مسجد کا افتتاح کیا، جسے یورپ کی سب سے بڑی مسجد کہا جارہا ہے۔مسجد کی افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں مقامی اور غیرملکی حکام نے شرکت کی۔سفید ماربل سے بنی اس خوبصورت مسجد کا نام حضرت محمدﷺ کے اسم مبارک پر رکھا گیا ہے اور اس میں 30 ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے۔

(جاری ہے)

چیچن انتظامیہ اس مسجد کو یورپ میں 'سب سے بڑی اور سب سے خوبصورت' مسجد قرار دے رہی ہے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھی چیچن سربراہ رمضان کیدرو کا کہنا تھا کہ یہ مسجد اپنے ڈیزائن میں منفرد اور اپنے سائز اور خوبصورتی میں شاہانہ ہے'۔خیال رہے کہ یہ مسجد چیچنیا میں شہالی کے علاقے میں قائم کی گئی ہے، جو دارالحکومت گرونزے کے باہر 54ہزار لوگوں پر مشتمل علاقہ ہے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مسجد کے صحن میں پھولوں اور فاؤنٹینز کو لگایا گیا ہے اور اس جگہ پر اضافی 70 ہزار نمازی آسکتے ہیں۔ادھر مشرق وسطیٰ کے ایک اخبار دی نیشنل کے مطابق اس 9ہزار 7سو اسکوائر میٹر پر موجود اس مسجد کو ایک ازبک آرکیٹک نے ڈیزائن کیا۔اس مسجد کی افتتاحی تقریب میں سینئر حکام نے شرکت کی جس میں کویتی امیری دیوان کے مشیر اور چیئرمین انٹرنیشنل اسلامک چیئرٹ ایبل آرگنائزیشن (آئی آئی او سی) ڈاکٹر عبداللہ الماتوق بھی موجود تھے۔

رمضان کیدرو 2007 میں مسلم اکثریتی علاقے میں حکمرانی کے لیے مقرر کیا گیا تھا، جس کے بعد سے وہ چیچنیا میں اسلام کی بحالی اور مساجد کی تعمیر میں مصروف ہیں۔2008 میں انہوں نے گرونزے میں 10 ہزار نمازیوں کی گنجائش رکھنے والی مسجد 'چیچنیا کا دل' کا افتتاح کیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں