کشمیر کی سڑکیں خون میں نہلا دی گئیں

کرفیو توڑنے کی پاداش میں نہتے کشمیریوں پر انڈین فورسز نے دھاوا بول دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 24 اگست 2019 06:13

کشمیر کی سڑکیں خون میں نہلا دی گئیں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست2019ء)   گزشتہ20روز سے بھارت نے کرفیو لگا کر کشمیر میں خون کی جو ہولی کھیلنا شروع کی ہوئی ہے اس پر عالمی ادارے اور ہیومن رائٹس ٹھیکیدار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔عالمی میڈیااور خبر رساں ایجنسیوں نے دنیا بھر کو بھارت کے مظالم سے آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے مگر پھر بھی یو این او سمیت سلامتی کونسل بھی چپ سادھے ہوئے ہیں۔

کشمیر پر یلغار کر کے بھارت نے جینو سائیڈ کا بھیانک منصوبہ رچا لیاہے جس پر وہ بڑی تیزی سے عمل پیرا بھی ہو رہا ہے۔لگ بھگ تین ہفتوں سے بھارتی فورسز نے عورتوں کو اغوا کر کے انڈیا بھیجنا شروع کر دیا ہے جبکہ نوجوانوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر شہید کیا جا رہا ہے۔اس وقت کشمیر کی مدد کرنے کے لیے دنیا کا کوئی بھی ملک عملی قدم اٹھاتا نظر نہیں آتا،نہتے کشمیری اپنی مدد آپ کے تحت دنیا کی چھٹی بڑی اور نیوکلیئر طاقت سے ٹکرانے کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد کشمیری حریت راہنماؤں نے کرفیو توڑنے کی کال دے رکھی تھی۔جس پر کشمیر کے نوجوانوں نے لبیک کہا اور عورتیں مرد بوڑھے بچے سبھی سڑکوں پر آ گئے۔سڑکوں پر پرامن احتجاج کرنے ا ور علامتی طور پر کرفیو توڑنے کی پاداش میں بھارتی فورسز نے اپنی مشین گنوں کے فائر کھول دیے اور سینکڑوں کشمیری مرد و خواتین خون میں لت پت ہو گئے۔

چونکہ کشمیرمیں میڈیا پر پابندی عائد ہونے کی وجہ سے یہ خبر رپورٹ نہیں ہو پا رہی تاہم موبائل سے بنی ویڈیوز ہر طرف وائرل ہونے کے علاوہ مقامی لوگوں نے صحافیوں کے سامنے دہائیاں دی ہیں۔بھارتی فورسز کی طرف سے زیادہ قتل وادی نیلم میں کیا گیا ہے جبکہ سورہ وادی میں بھی قتل و غارت کے واقعات سنائی دے رہے ہیں۔یہ وہ وقت ہے جب ساری دنیا کو نہتے کشمیریوں کا ساتھ دینے کے لیے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے وگرنہ اللہ کے عذاب سے تو بھارت کو کوئی نہیں بچا سکے گا کہ مظلوم کی آہ ظالموں کے تاج کا دھڑن تختہ کر دیا کرتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں