دنیا کی جدید سائیکل جو بیٹری سے چلے گی

ماحول دوست سائیکل کی رفتار گاڑی سے کم نہیں ہو گی

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 اگست 2019 06:02

دنیا کی جدید سائیکل جو بیٹری سے چلے گی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اگست2019ء)   ٹیکنالوجی نت نئی ایجادات سامنے لاتی رہتی ہے جس سے انسانوں کو سہولیات ملنے کے علاوہ ماحول کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا رہتا ہے۔دنیا میں سفر کرنے کے لیے جانوروں کے علاوہ انسان نے جو چیز سب سے پہلے بنائی تھی وہ سائیکل ہی تھی۔سائیکل سے ترقی کرتے ہوئے آگے بڑھے اور انجن کی ایجاد نے تو انسان کو ہواؤں،فضاؤں اور خلاؤں کی سیر کرا دی ہے،مگر سائیکل آج بھی دنیا کے اکثر ممالک میں آپ کو نظر آ جاتی ہے۔

انسان نے ٹیکنالوجی کی مدد سے سواری کے لیے ایسی ایسی گاڑیاں ایجاد کی ہیں کہ دیکھنے والوں کی عقل دنگ رہ جاتی ہے مگر انسان کی پہلی سواری سائیکل کی افادیت آج بھی مسلمہ ہے۔آج بھی بچوں کو سواری کے لیے سب سے پہلے سائیکل ہی چلانے کو دی جاتی ہے اور یورپی ممالک میں ادھیڑ عمر کے افراد کو ایکٹو رہنے اور لمبی عمر پانے کے لیے بھی سائیکل چلانے کا ہی مشورہ دیا جاتا ہے،یہی وجہ ہے کہ سائیکل کی جو افادیت پہلے تھی وہ آج بھی قائم ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اب ایک کمپنی نے سائیکل کے ساتھ بھی بیٹری لگا دی ہے تاکہ اس میں بھی جدیدیت کا عنصر شامل ہو جائے۔موٹر سائیکل بنانے والی دنیا کی معروف کمپنی ہارلے ڈیوڈ سن نے بجلی سے چلنے والی ماحول دوست سائیکل ”الیک ٹریک“ (ElecTrek) تیار کر لی ہے۔رپورٹ کے مطابق الیک ٹریک نہ صرف وزن میں ہلکی بلکہ تیز اور جدید خصوصیات کی حامل بھی ہے۔ کمپنی سائیکل کے تین ماڈل جاری کرے گی۔کمپنی کی جانب جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی تیار کردہ سائیکل شہری ماحول میں ڈھل جانے کیلئے تیار کی گئی ہیں۔بیٹری سے چلنے والی ان سائیکلوں کے آئندہ ماڈلز میں پیڈل اسسٹ (پیڈل چلانے میں آسانی پیدا کرنے کا نظام) شامل کیا جائے گا تاہم سائیکل کی قیمت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں