مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کراپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے ‘عثمان بزدار

کشمیر ی عوام کئی روز سے کرفیو کے باعث گھروںمیں قید،بھارت انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کررہا ہے مودی سرکار دنیا کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونک سکتی،پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوںکو اکیلا نہیں چھوڑے گا

اتوار 15 ستمبر 2019 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے ،بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے ،مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کراپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے اوراس غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی باضمیر بھارتی شہری بھی مذمت کررہے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مسلسل کئی روز سے کرفیو کے باعث گھروںمیں قید ہیںاوربھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ مودی سرکار جان لے کہ وہ دنیا کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونک سکتی۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی کے مذموم بھارتی عزائم کبھی پورے نہیں ہوںگے۔

(جاری ہے)

پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوںکوکبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ظالم مودی نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور بربریت برپا کر رکھی ہے۔مودی جمہوری رہنما نہیں، دور حاضر کا یزید کاروپ دھار چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوج جبرکے ذریعے بھی بہادر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچل نہیںسکی۔انسانیت سوز مظالم اوربے جاپابندیوں کے باوجود بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے حق کے لئے لڑ رہے ہیں ۔مظلوم کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی۔انہوںنے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کامقدمہ مدلل اندازاورجرات مندانہ طریقے سے پیش کیا ہے اوروہ وقت دورنہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزاد فضاء میں سانس لیںگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں