بی آرٹی پشاور کی عوام جلد خوشخبری سنے گی، فردوس عاشق اعوان

بی آرٹی پشاور کی تکمیل سے متعلق کوئی ڈیڈلائن نہیں دے سکتی، کیونکہ میں نے بھی تجربے سے کافی کچھ سیکھا ہے۔معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 15 ستمبر 2019 18:55

بی آرٹی پشاور کی عوام جلد خوشخبری سنے گی، فردوس عاشق اعوان
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بی آر ٹی پشاور کی عوام جلد خوشخبری سنے گی، لیکن بی آر ٹی پشاور کی تکمیل سے متعلق کوئی ڈیڈلائن نہیں دے سکتی، کیونکہ میں نے بھی تجربے سے کافی کچھ سیکھا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے ایک سوال ”خیبرپختونخواہ میں جو عثمان بزدار ہے ، وہ عثمان بزدار سے بھی دو تین قدم آگے ہے، ان کا کوئی ذکر بھی نہیں کررہا؟“ کے جواب میں کہا کہ محمود خان بہت کام کررہے ہیں، تاہم ان کو ہائی لائٹ کرنا چاہیے، ایک بندے کی انفرادی طور پر نہیں بلکہ پالیسی ، ایکشنزکو ہائی لائٹ ہونا ہے۔

بی آر ٹی کے سوال پر کہا کہ بی آر ٹی پشاور کی جلد خواہش پوری ہوجائے گی، لیکن میں ڈیڈلائن نہیں دے سکتی،کیونکہ میں نے بھی تجربے سے کافی کچھ سیکھا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت آسان کاروباری اقدامات کے ذریعے برآمدی صنعت کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے ان کا اعتماد بحال ہو ا ہے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ آج پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے کیونکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سول اور فوجی قیادت ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے قومی اداروں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جمہوریت میں حزب اختلاف کا کردار تنقیدی ضرور ہوتا ہے لیکن جموں و کشمیر ایک قومی مسئلہ ہے اور تمام اپوزیشن جماعتوں کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے آگے بے نقاب کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں بین الاقوامی فورمز پر کشمیر سے متعلق ہندوستانی بیانیہ کو غلط ثابت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور روس جیسی عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں