وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے عثمان بزدار سے اختلافات کی تردید کر دی

استعفیٰ کے بعد سے میں نے اب تک ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ ڈاکٹر شہباز گل کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 ستمبر 2019 15:13

وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے عثمان بزدار سے اختلافات کی تردید کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 ستمبر 2019ء) : وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے ایک مرتبہ پھر سے عثمان بزدار سے اختلافات کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کچھ دوستوں نے میرے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یہ تاثر دیا ہے کہ میرے وزیراعلیٰ پنجاب سے اختلافات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ استعفیٰ کے بعد سے میں نے اب تک ایسا کوئی بیان نہیں دیا ۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں ایک بارپھر کہتا ہوں خان صاحب نے انہیں وزیراعلٰی بنایا ہے اور ہم سب اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ 13 ستمبر کو وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ تقرر و تبادلوں پر اختلافات استعفیٰ کا سبب بنے۔شہباز گل بعض پولیس اور ڈسٹرکٹ افسران سے بھی اُلجھتے رہے، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ان پر پابندی عائد کی تھی کہ ان کے ساتھ کسی وزٹ پر نہیں جائیں گے۔ذرائع نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر شہباز گل نے ایک سادہ کاغذ پر اپنا استعفیٰ لکھ کر دیا۔ ڈاکٹر شہباز گل کے استعفے کی خبر آنے کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج صبح میں نے ایک اہم فیصلہ لیا۔

انشاء اللہ جلد ہی آپ سب کو اس پر آگاہ کروں گا۔
ڈاکٹر شہباز گل کے استعفے کے بعد کئی چہ مگوئیاں ہوئی تھیں جبکہ انہیں وفاق میں عہدہ دئے جانے کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شہباز گل سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو تحفظات تھے جس وجہ سے انہیں ہٹایا گیا تاہم انہیں وفاق میں بڑا عہدہ دیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں