آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز ڈی پی اوزویڈیو لنک کانفرنس

انٹرنل اکائونٹبیلٹی کی ٹیموں کی تھانوں کے اچانک دوروں کے دوران نظر آنے والی بے ضابطگی رپورٹس پر فوری کاروائی کا حکم بار بار ایک ہی تھانے میں پوسٹنگ لینے والوں کی فہرست تیار کر کے انہیں وہاں سے شفٹ کیا جائے، کیپٹن (ر) عارف نواز خان

پیر 16 ستمبر 2019 23:54

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز ڈی پی اوزویڈیو لنک کانفرنس
لاہور۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ تھانوںکی ورکنگ کو بہتر سے بہتر بنانا آرپی اوز اور ڈی پی اوز کی ذمہ داری ہے اور فیلڈ افسران تھانوں کے اچانک دوروں کو اپنا معمول بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک ، آپریشنزاور انویسٹی گیشنزکے شعبوں میں متعین سٹاف کی ورکنگ کا بغور جائزہ لیں اور سنٹرل پولیس آفس کے جاری کردہ ایس اوپیز کے مطابق فرائض کی انجام دہی کو ہر صورت یقینی بنائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنل اکائونٹبیلٹی کی ٹیموں کی جانب سے تھانوں کے اچانک دوروں کی رپورٹس میں اگر غیر قانونی حراست یا کسی بھی طرح کی بے ضابطگی رپورٹ ہو تو قانونی اور محکمانہ کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فرنٹ ڈیسک ، حوالات اور ایس ایچ اوز کے کمروں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کو ہر صورت جاری رکھا جائے اور جہاں کہیں اختیارات سے تجاوز ، شہریوں سے بد اخلاقی یا قانون کوہاتھ میں لینے کا کوئی واقعہ سامنے آنے پرذمہ داران کے خلاف ڈسپلن میٹر کس کے مطابق سزائوںکو کوئی تاخیر نہ کی جائے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ جو افسران ماتحت اہلکاروں کو ڈسپلن میٹرکس کے مطابق سزائیں نہیں دیتے وہ خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ بار بار ایک ہی تھانے میں پوسٹنگ لینے والوں کی فہرستیں تیار کی جائیں اور ایسے افراد کو وہاں سے ہر صورت شفٹ کیا جائے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نوجوان نسل کو منشیات بالخصوس آئس کی جانب راغب کرنے والے منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور خاص طور پر تعلیمی اداروں کے گرد منشیات سپلائی کرنے والے منشیات فروشوں کے خلاف انفارمیشن بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں غیر قانونی اور بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے اور وادراتوں میں استعمال ہونے والے اسلحہ کے لائسنس منسوخ کروا کر ان کی رپورٹس بھی سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں صوبے کے تمام آرپی او، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے اپنے اضلاع میں کرائم کی صورتحال اور پولیس ٹیموں کے جاری آپریشنز کے متعلق آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر اقدامات میں مصروف ہیں اور ہمارا مشن بہتر سے بہتر پرفارمنس سے شہریوں میں پولیس کے مجموعی تشخص کو بہتر بنانا ہے ۔

جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ ، فرائض منصبی کی بہترین ادائیگی اور پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر بنا کر ہی پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو بہتر بنایا جا سکتا ہے لہذا تمام افسران اپنے ماتحت اہلکاروں کو پبلک ڈیلنگ کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دیں تاکہ وہ دوران ڈیوٹی اپنے فرائض منصبی بہتر سے بہتر انداز میں ادا کر کے شہریوں کے دل جیت سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کو غیر قانونی حراست میں رکھنے والے پولیس افسرا ن کسی رعائیت کے مستحق نہیں کیونکہ ان چند کالی بھیڑوں کی وجہ سے پوری فورس کو تنفید کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا تمام افسران پولیس حراست میں تشدد سے ہلاکت کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ اور قانونی کاروائی میں ہر گز تاخیر نہ کریں وگرنہ انہیں بھی جواب دہ ہونا ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں حساس تنصیبات، اقلیتی عبادت گاہوں ، تعلیمی اداروں سمیت دیگر اہم مراکز کے سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور دستیاب وسائل کو موثرانداز میں استعمال کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے ۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائی اور کرایہ داری ایکٹ کے خلاف ورزی پر مالک پراپرٹی اور کرایہ دار کے خلاف کاروائی میں ہر گز تاخیر نہ کی جائے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ موبائل خدمت مراکز کے تحصیل لیول پر وزٹس کا شیڈول جاری کرکے اسکی مناسب تشہیر بھی کی جائے تاکہ شہری اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں ۔

کانفرنس میںایڈیشنل آئی جی آر اینڈ ڈی، کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ، احمد لطیف، ایڈیشنل آئی جی، ڈی اینڈ آئی، اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس رائو سردار، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، منظور سرور چوہدری، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، ابوبکر خدابخش، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب، فاروق مظہر، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، غلام رسول زاہد، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، زعیم اقبال شیخ اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، رائے محمد طاہر کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں