پی ٹی آئی کی کوششوں سے آج مودی دنیا میں کھل نائیک بن گیا ہے : فیاض الحسن چوہان

کشمیر اور پاکستان کا رشتہ اٹوٹ ہے، کرپٹ اور مجرم افراد کو رہنما بنانا ن لیگ کا وطیرہ ہے

بدھ 18 ستمبر 2019 00:04

پی ٹی آئی کی کوششوں سے آج مودی دنیا میں کھل نائیک بن گیا ہے : فیاض الحسن چوہان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) صوبائی وزیرِ کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر عمران خان کی کوششیں رنگ لائی ہیں۔ موجودہ حکومت کی سفارتی کوششوں سے آج دنیا مودی کو کھل نائیک کے طور پر جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ اٹوٹ ہے اور انہیں جدا کرنا ناممکن ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مودی میں ہمت ہے تو وہ سرینگر میں کرفیو ختم کر کے جلسہ کر کے دکھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن پٹواریان و قانونگویان مال و اشتمال کے زیرِ اہتمام پٹوار نظام سے متعلق ایک سیمینار میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بیگم صفدر اعوان کو پارٹی میں نائب صدر کا عہدہ رکھنے کی اجازت کے فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی رولنگ کے مطابق کسی سزا یافتہ مجرم کو سیاسی جماعت کا عہدیدار نہیں بنایا جا سکتا۔

(جاری ہے)

اس تناظر میں بیگم صفدر اعوان کو پارٹی کا کوئی عہدہ رکھنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور مجرم افراد کو رہنما بنانے کا انوکھا اعزاز بھی ن لیگ کے پاس ہی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے پٹواری نظام سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹواری نظام کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ سسٹم میں پٹواریوں کا ہونا لازم ہے۔

ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ نظام کو کمپیوٹرائزڈ کر کے پٹواریوں کے بغیر مناسب انداز میں چلا سکیں۔ کمپیوٹرائزڈ نظام اور پٹواریوں کو ایک ساتھ احسن طریقے سے چلانے کے لیے انجمن پٹواریان کی طرف سے عملی سفارشات پر حکومت لازمی غور کرے گی۔ صوبائی وزیر کالونیز نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کو آج سی30سال پہلے کمپیوٹرائزڈ ہو جانا چاہیے تھا۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب اور پاکستان کو سنوارنے نکلے ہیں اور انشائ اللہ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے۔

سیمینار میں پاکستان بھر سے نمائندہ پٹواریان، قانونگویان و دیگر ریونیو فیلڈ سٹاف نے شرکت کی۔ مقررین نے پٹوار نظام کی تاریخ اور موجودہ مشکلات پر بھی روشنی ڈالی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں