مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت محمدحنیف خان پتافی کا راولپنڈی کے مختلف علا قوں کا دورہ

حکومت ڈینگی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے،مقرر کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، محمد حنیف خان پتا فی

بدھ 18 ستمبر 2019 23:12

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت محمدحنیف خان پتافی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صائمہ یونس، ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نعیم ، سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر سہیل اور پی ایس فہیم عار ف کے ہمرا ہ ڈھوک کالا خان راولپنڈی کا دورہ کیا اورجن گھروں سے ڈینگی کیس رسپانس ہوئے ان گھروں میں موجود واٹر ٹینکوں کو فزیکلی طور پر چیک کیا جن میں ڈینگی لاروا پایا گیا ۔

محمد حنیف خان پتافی نے گھروں میں مقیم لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کے لئے آگاہی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق بتایا ۔انہوں نے ڈھوک کالا خان میں قائم ہیلتھ کیمپ کا دورہ کیا اور ڈینگی کے معائنہ ٹیسٹ کی سہولیا ت کا جائزہ لیا اور وہاں موجود لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے بچائو کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ انسداد ڈینگی مہم پر مامور ٹیموں کے ساتھ تعاون کیا جائے تاکہ ڈینگی پر قابو پا یا جا سکے۔

(جاری ہے)

بعدازاں انہوں نے ڈی سی آفس راولپنڈی میں ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہا کہ حکومت ڈینگی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر تمام سرکاری ہسپتالو ںمیںمعیاری علاج کی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔مشیر صحت نے کہا کہ درجہ حرارت میں تبدیلی کی وجہ سے ڈینگی پھیلنے کے اثرات بڑھ رہے ہیں اس لئے ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی دی جائے اورڈینگی کے حوالے سے مقرر کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے لحاظ سے راولپنڈی کے جن حساس علاقو ں کو فوکس کی گیا تھا وہاں سے بہتر نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی جن یونین کونسلوں سے کیس رسپانس ہو رہے ہیں انہیں فوکس کر کے وہاں پر آئی آر ایس اور سپرے کروائی جائے تاکہ مزید لوگوں کو ڈینگی میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ کمرشل یونٹس ، ہائوسنگ سوسائٹی ، زیرتعمیر بلڈنگز ، شاپس اورکباڑ خانوں سے لاروا برآمد ہونے کی صورت میں مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ تھر ڈ پارٹی کی رپورٹ پر انسداد ڈینگی مہم میں غفلت اور لاپرواہی کا مظاہر ہ کرنے والے اہلکارو ں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت محمدحنیف خان پتافی نے بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے دورے کے دوران ڈینگی وارڈ میں علاج معالجے کی سہولیات ، صفائی ، مریضوںکی دیکھ بھال اور ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا ۔

انہوں نے ڈینگی بخارمیں مبتلا مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں دی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کے متعلق دریافت کیاجس پرمریضوں کی طرف سے طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔مشیر صحت نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر اور طبی عملہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ اٹھارکھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں