ن لیگ کے لیے سسٹم میں نرم گوشہ پیدا کیا جا رہا ہے، نواز شریف کی جلد رہائی کا امکان

نواز شریف رہائی کے بعد سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے اور مریم نواز کو آگے لایا جائے گا۔ سینئیر سیاست دان کا انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 19 ستمبر 2019 11:13

ن لیگ کے لیے سسٹم میں نرم گوشہ پیدا کیا جا رہا ہے، نواز شریف کی جلد رہائی کا امکان
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی ڈیل کے حوالے سے بات چیت ایک بار پھر سے زیر بحث ہے۔تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور قانونی جنگ لڑیں گے۔لیکن سینئیر صحافی کی طرف سے ڈیل کے حوالے سے مذاکرات ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لیے سسٹم میں نرم گوشہ پیدا کیا جا رہا ہے اور نواز شریف جلد رہا ہو جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نبیل گبول کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو عدالتوں سے ریلیف ملے گا اور حکومت ان کو بدنام کرے گی کہ این آر او کر لیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ نواز شریف رہائی کے بعد سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے اور مریم نواز کو آگے لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

نبیل گبول کا کہنا تھاکہ نواز شریف کے خلاف مقدمات میں ویسے بھی جان نہیں ہے۔حکومت ان کو زیادہ دیر قید نہیں رکھ سکتی۔

اس سے قبل سینئیر اینکر پرسن اور تجزیہ کار عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دنوں کے بعد میاں نواز شریف کو عدالت سے ضمانت ملے گی۔ اُن کے کیس کا کوئی فیصلہ نہیں ہو گا۔ ضمانت کے بعد اُنہیں پاکستان سے باہر جا کر علاج کروانے کی اجازت بھی ملے گی۔ میاں نواز شریف صاحب پاکستان سے باہر چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میاں نواز شریف صاحب کو صحت کی بنا پر ضمانت ملے گی، اُنہیں اپنے مقدمے میں ضمانت ملے گی۔

ضمانت کے بعد انہیں صحت کی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی اجازت ملے گی جس کے بعد میاں صاحب اپنے بچوں کے پاس علاج کروانے چلے جائیں گے۔ مریم نواز بھی پاکستان سے باہر چلی جائیں گی جس کے بعد نواز شریف کے کیسز التوا کا شکار ہو جائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف یہی کہتی رہے گی کہ ایک کرپٹ انسان ہے وہ صحت کا بہانہ کر کے باہر بھاگ گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو تباہ کیا ہے۔

جبکہ مسلم لیگ ن کا یہ مؤقف ہو گا کہ میاں نواز شریف اُتنا ہی زیادہ بیمار ہیں جتنا اُن کی بیگم صاحبہ بیمار تھیں۔ اور میاں صاحب اپنے کیسز کا آ کر اُسی طرح سامنا کریں گے جیسے انہوں نے پہلے کیا۔ نہ وہ پہلے کبھی بھاگے ہیں نہ وہ اب بھاگیں گے۔ اس وقت وہ بیمار ہیں ابھی نہیں آ سکتے۔ مریم نواز بھی عملی سیاست سے دور چلی جائیں گی اور غالباً آئندہ انتخابات میں وہ وطن واپس آئیں گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں