کاروبار کے عمل کو سہل بنانے کے لئے کوئی بجٹ درکار نہیں ہوتا بلکہ قوانین کو آسان بنا کر مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے‘اسلم اقبال

پنجاب حکومت کی کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کاوشوں کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہو ں گے‘صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت

جمعرات 19 ستمبر 2019 15:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) صوبائی وزیراطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تعلیم وتحقیق اور جدید علوم کے فروغ میں کامیابی کا راز مضمر ہے اور ترقی یافتہ ممالک نے اس راز کو پاکر ہی ترقی کی منازل تیزی سے طے کی ہیں۔تعلیم وتحقیق میں دنیا ہم سے بہت آگے نکل چکی ہے۔یونیورسٹیوں کا بنیادی کردار تحقیق کو فروغ دینا ہے۔

بدقسمتی سے ہماری سرکاری ونجی یونیورسٹیاں اس میں نا کام رہی ہیں۔ہماری یونیورسٹیوں کو تحقیق کے عمل کو مضبوط کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن یونیورسٹی ٹائون شپ میں دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں ریسرچرز اور تعلیم کے شعبوں سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید علوم اور تحقیق کو فروغ دئیے بغیر ہم ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیوں کو تعلیم کے ساتھ تحقیق پر بھی پوری توجہ دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میںبزنس کرنے کے قوانین اتنے سخت اور پیچیدہ ہیں کہ کوئی آزادی کے ساتھ اپنا کاروبار بھی نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔کاروبار کے عمل کو سہل بنانے کے لئے کوئی بجٹ درکار نہیں ہوتا بلکہ قوانین کو آسان بنا کر مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔پنجاب حکومت نے اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور جن کے ثمرات آئندہ دو ہفتوں تک سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انسپکٹر لیس رجیم تیار کر لیا گیا ہے اور اس نظام کے تحت کوئی انسپکٹرز صنعتوں کی انسپکشنز کے نام پر صنعت کاروں کو تنگ نہیں کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کرنے کے طریق کار کو آسان بنانے سے یہاں مزید سرمایہ کاری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں اکنامک زونز بنائے جارہے ہیںاورکارٹیج انڈسٹریز کی بحالی کے لئے قرضے بھی دئیے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں