مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی و خود مختار حیثیت ختم کرنے کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی

جمعہ 20 ستمبر 2019 13:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور اس کی خود مختار حیثیت ختم کرنے کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔یہ درخواست پاکستان میں لاہور کے معروف وکیل ،جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق نے دائر کی ہے۔ جس میں بھارتی سپریم کورٹ کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر از خود نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ از خود نوٹس لے سکتی ہے، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے کرفیو ہٹانے کے احکامات کے باوجود صورت حال میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی، درخواست گزار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم کرنا بھارتی آئین کی نفی ہے، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت کو بحال کیا جائے، جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کے چیئرمن نے درخواست میں یہ بھی استدعا کی ہے کہ پاکستانی وکلاء کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے بارے میں بھارتی سپریم کورٹ میں پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں