عراق کے شہر کربلا میں بم دھماکہ

بس کے ذریعے کیے گئے بم دھماکے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 21 ستمبر 2019 06:39

عراق کے شہر کربلا میں بم دھماکہ
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2019ء)   معلوم نہیں کہ بدامنی پھیلانے والوں کو کیا ملتا ہے کہ معصوم اور نہتے لوگوں کوموت کے گھاٹ اتار کر انتشار پھیلاتے ہیں۔ کافی عرصے سے خود کش دھماکے اور دہشت گردی کے واقعات میں خاصی حد تک کمی آ گئی تھی مگر جیسے ہی افغانستان میں امن کی بات شروع ہوئی اور امن مذاکرات معطل ہونے کو آئے اسی عرصے میں دہشت گردی کے واقعات نے پھر سے جنم لے لیا ہے۔

یکم محرم شروع ہوتے ہی عراق میں دہشت گردانہ کارروائیاں شروع ہوئی تھیں جوکہ ابھی تک ختم نہیں ہوئیں۔گزشتہ روز شام کے وقت کربلامیں بم دھماکہ ہوا جس میں متعدد لوگ زخمی اور درجن بھر کے قریب ہلاک ہوئے۔یہ دھماکہ کربلا کے مقام پر ہوااور اس سے قبل بھی کربلا کے مقام پر ایسی دہشت گردانہ کارروائی ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق عراق کے شہر کربلا میں مسافر بس میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بس عراق کے شہر کربلا اور الہلا کے درمیان واقع عراقی فوجی چوکی کے پاس سے گزر رہی تھی کہ بس میں دھماکا ہو گیا۔خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ دھماکے بعد بس میں آگ لگ گئی اور کم از کم 12 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں جو بس میں دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔

ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی جبکہ دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔2017 میں عراق میں داعش کی شکست کے بعد حالیہ عرصے کے دوران عراق میں ہونے والے دھماکوں میں نمایاں کمی آئی ہے البتہ شدت پسند اب بھی ملک میں سیکیورٹی فورسز کو وقتاً فوقتاً نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں