مودی کے دوست اور سابق وزیر کو پولیس نے ریپ کیس میں گرفتار کر لیا

23سالہ خاتون نے خود کو آگ لگانے کی دھمکی دی تب پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 21 ستمبر 2019 06:51

مودی کے دوست اور سابق وزیر کو پولیس نے ریپ کیس میں گرفتار کر لیا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2019ء)   آر ایس ایس کی نمائندہ جماعت بی جے پی اس وقت بھارت میں حکمرانی کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارت میں انتہا پسندی اور ریپ جیسے واقعات میں بھی تواتر سے اضافہ ہو رہا ہے۔مگر اس کا رزلٹ بھی سامنے آ رہا ہے کہ اب بھارت کے عوام بی جے پی کی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل رہے ہیں اور اپنے قائدین پر الزام بھی عائد کر رہے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بھارتی پولیس نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق وزیر اور سینئررہنما سوامی چنمایانند کو 23 سالہ خاتون کے ریپ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

بی جے پی کے 73 سالہ سابق وزیر کو پارٹی میں دوسرا طاقت ترین رہنما سمجھا جاتا ہے اور ان پر حالیہ مہینوں میں خاتون کو جنسی طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزامات لگے تھے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوامی چنمایانند شمالی ریاست اترپردیش میں کئی اسکول اور فلاحی ادارے چلا رہے ہیں اور متاثرہ خاتون بھی ان کی ایک کالج میں زیر تعلیم تھیں۔متاثرہ خاتون نے دھمکی دی تھی کہ اگر پولیس نے سوامی چنمایانند کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تو وہ خود کو آگ لگادیں گی۔رپورٹ کے مطابق خاتون نے حکمراں جماعت کے طاقت ور رہنما کے خلاف ریپ کا مقدمہ رواں ماہ کے اوائل میں درج کرادیا تھا جس کے بعد تفتیش میں سست روی پر حکام کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

ریاستی پولیس کے سربراہ نوین اروڑا نے صحافیوں کو بتایا کہ 'ہم نے انہیں صبح سویرے گرفتار کیا تھا اور عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا ہے'۔آئی جی نوین اروڑا کا کہنا تھا کہ ان کے سامنے فون کے ریکارڈز اور ریکارڈنگز پیش کی گئی تھی اور انہوں نے ان میں سے چند الزامات کو تسلیم کرلیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سوامی چنمایانند 1999 سے 2004 کے دوران وزیر رہے اور ان پر اب تک صرف حبس بے جا میں رکھنے اور دھمکانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ بی جے پی کو ریاست اترپردیش میں ریپ کیس میں دوسری بار بڑی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اس سے قبل گزشتہ برس اہم رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سنگار کو مبینہ طور پر ایک نوجوان خاتون کے ریپ پر گرفتار کیا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں