معیشت کی ترقی کیلئے سولو فلائٹ کی بجائے مشاورت کو فروغ دیا جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

کاروبار میں مندی کے رجحان کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کئے گئے تو حالات مزید گھمبیر ہو جائینگے ‘ صدر اشرف بھٹی

اتوار 22 ستمبر 2019 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشر ف بھٹی نے حکومت کی جانب سے کاروبار میں مندی کے رجحان کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مسائل حل نہ کئے گئے تو حالات مزید گھمبیر ہو جائیں گے،حکومت کا مرحلہ وار آگے بڑھنے کی بجائے بیک وقت تمام محاذ کھول دینا معیشت کیلئے شدید نقصان کا باعث ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کاروبار چلانا محال ہو گیا ہے لیکن حکومت کی جانب سے پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دی جارہی ہے ۔ موجودہ حالات میں اعلانات سے دو قدم آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں کاروباری طبقے کو عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جبکہ ہمارے ہاں اس کے برعکس ہے ۔

(جاری ہے)

تاجروں نے دستاویزی معیشت سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن حکومت کی جانب سے مشاورت کی بجائے سولو فلائٹ کی جارہی ہے ۔ بیک وقت تمام محاذ کھول دینا معیشت کیلئے نقصان نقصان کا باعث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ تاجروں کیلئے عملے کوتنخواہوںاوریوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے اور آنے والے دنوں میں بیروزگاری کا سیلاب آنے کا خدشہ ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں