مولانا فضل الرحمان اقتدار سے باہر ہونے کی وجہ سے بے چین ہیں ‘مسرت جمشید چیمہ

بتایا جائے حکومت کیخلاف کیا چارج شیٹ ہے لیکن انکے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ‘ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ

اتوار 22 ستمبر 2019 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اقتدار سے باہر ہونے کی وجہ سے بے چین ہیں اور با شعور عوام اس سے اچھی طرح واقف ہیں ،موجودہ حالات میں جب بھرپور اتحاد کی ضرورت ہے اپوزیشن قوم کو تقسیم کرنے کے درپے ہے لیکن انہیں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان یہ تو بتائیںحکومت کے خلاف کیا چارج شیٹ ہے لیکن ان کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ۔سڑکوں پر آنے کے پیچھے کیا مقاصد ہیں عوام اس سے آگاہ ہیں ۔ اپوزیشن صبر کامظاہرہ کرے اور پانچ سال بعد عوام اپنے ووٹ سے فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کونظر آرہا ہے کہ اگر حکومت نے اپنے پانچ سال پورے کر لئے تو انہیں آئندہ انتخابات میں باقی رہ جانے والی نشستوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑ جائے گا ۔

(جاری ہے)

مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی میں کشمیر پر بھرپور طریقے موقف پیش کریں گے ۔بھارت کو اپنی ظالمانہ کارروائیوںکی وجہ سے دنیا بھرمیں سبکی کا سامناکرنا پڑ رہا ہے اور انشا اللہ وہ دن دور نہیںجب اسے اپنے اقدامات سے سرنڈر کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر کے مسئلے کو ہر فورم پر اٹھائے گی اور کشمیر کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں