پاکستان ایک ناقابل تسخیر قوت بن چکا ہے‘ملک اسد کھوکھر

ہندوستان کسی خوش فہمی میں نہ رہے اس کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ملک کا بچہ بچہ تیار ہے‘صوبائی وزیر

اتوار 22 ستمبر 2019 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) صوبائی وزیرملک اسد علی کھوکھرنے کہا ہے کہ اس قوم کا بچہ بچہ بھارت کی آنکھیں نوچ لینے کا جذبہ رکھتا ہے، مودی جانتا نہیں اس نے کس قوم سے پنگا لیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ڈیرہ میں ملاقات کے لئے آنے والے سول سوسائٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا جذبہ ایسا بے مثال ہے کہ اپنے لیڈر اور اپنے سپہ سالار کی ایک کال پر یہ تمام مجاہدین بارڈر کراس کر کے نئی دلی تک پہنچ جائیں گے۔

(جاری ہے)

ملک اسدعلی کھوکھرنے کہا کہ ملک کے کونے کونے سے عوام نے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری موجودہ سیاسی و عسکری قیادت نے جس طرح سے پوری دنیا کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کروائی ہے اور اس کو اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے، یہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر قوت بن چکا ہے۔جو دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ہندوستان کسی خوش فہمی میں نہ رہے اس کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ملک کا بچہ بچہ تیار ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں