وزیراعلیٰ پنجاب کی سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارکباد

اتوار 22 ستمبر 2019 19:05

لاہور۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ سعودی عرب کا قومی دن اسلامی تاریخ، ورثے اور دور جدید کی مثالی مملکت کا ایک درخشندہ باب ہے۔ وزیراعلیٰ نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارکباددی ہے اور کہاہے کہ میںسعودی عرب کے فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود،ولی عہد محمد بن سلمان اورشاہی خاندان کوبھی سعودی عرب کے قومی دن پردل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکبادپیش کرتاہوں۔

انہوںنے کہا کہ حالیہ قیادت کی سربراہی میں سعودی عرب نے ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں۔ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ پاکستان کے سعودی عرب سے مضبوط اور دوستانہ تعلقات صدیوں پرانی ثقافتی و معاشی شراکت پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی پوری دنیا کے لئے مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔ آزمائش کے ہرموقع پر سعودی عرب نے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے سعودی حکومت کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوںنے کہا کہ سعودی عرب کو پاکستان کے عوام اپنادوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ حجاز مقدس ہماری عقیدتوں کا محور اور روحانیت کا بنیادی مرکز ہے۔ہر مسلمان کی دماغ کی تمام وسعتیں اور گہرائیاں حرمین شریفین کی محبت سے معمور ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات ہیں جو ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں