وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

زلمے خلیل زاد نے عمران خان کوٹرمپ سے مجوزہ ملاقات سے متعلق پیغام پہنچایا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا افغان طالبان سے گفتگو دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پراتفاق، عمران خان کا آخری لمحے یکطرفہ مذاکرات معطل کرنے پراظہارافسوس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 22 ستمبر 2019 21:58

وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 ستمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچپسی کے امور اور افغان امن عمل سے متعلق بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے افغان طالبان سے گفتگو کے دوبارہ آغاز کی ضرورت پراتفاق کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے نیویارک میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے لیے گفتگو کے دوبارہ آغاز کی ضرورت پراتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے طالبان سے آخری لمحے میں بات چیت یکطرفہ ختم کرنے پراظہارافسوس کیا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے نیویارک میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات چیت کی گئی۔

کومی نائیڈو نے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق تنظیموں کے کام میں بھارتی رکاوٹوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو اُجاگرکرنے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کردارکو سراہا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل کومی نائیڈو
نے یقیین دہانی کروائی کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرآوازبلند کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی تنظیموں کوعوام تک رسائی نہیں دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ہیوسٹن میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرے کا اہتمام این آر جی اسٹیڈیم کے باہر کیا گیا جہاں مودی کو خطاب کرنا ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی کی انسان دشمن کاروائیوں کیخلاف احتجاج میں کشمیری، سکھ، بھارتی مسلمان اور خواتین بھی شامل ہیں۔

مظاہرین نے اپنی ٹی شرٹس اور کیپس پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج کر رکھے ہیں۔ جبکہ احتجاجی بینرز پر بھی بھارتی دہشتگردی کا چہرہ اور مودی کے مظالم کیخلاف ’’مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرو، بھارتی قبضہ ختم کرو‘‘ کے نعرے درج ہیں۔ مظاہرین نے آزاد کشمیر کے پرچم بھی اٹھا رکھے ہیں۔ احتجاجی شرکاء نے بینرز پر نازی مودی کے بھی نعرے درج کررکھے ہیں۔

دوسری جانب 26ستمبر کو ولنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے چار بجے تک پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگاجس میں نیوزی لینڈ میں رہنے والے پاکستانیوں کے علاوہ کشمیری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے شرکت کرینگے جبکہ 27ستمبر کو سہ پہر دو بجے سے چار بجے تک پاکستان ایسوسی ایشن آف کنٹر بری کے زیر اہتمام کرائسٹ چرچ میں کشمیرمیں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا ۔

یہ احتجاجی مظاہرہ کولمبو سٹریٹ سے شروع ہو کر بریج آف ریمبرنس پر اختتام پذیر ہوگا ۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف کنٹر بری کے صدر عمران چوہدری نے بتایاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فورسز کی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا ۔انہوںنے بتایاکہ 27ستمبر کو کرائسٹ چرچ میں ایک احتجاجی پروگرام منعقد کیا جائیگا جس میں پاکستانیوں کے علاوہ کشمیریوں ، اراکین پارلیمنٹ اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔

انہوں نے نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ 27ستمبر کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں