سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر جیفری شا کی ملاقات

آسٹریلیا پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا خیرمقدم کرتا ہے، دونوں بورڈ رابطے میں ہیں‘آسٹریلو ی ہائی کمشنر مسٹر جیفری شا مودی کشمیریوں کی تحریک آزادی اور جذبہ کو نہیں دبا سکتا، عمران خان مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اجاگر کر رہے ہیں‘ چودھری پرویزالٰہی

پیر 23 ستمبر 2019 19:01

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر جیفری شا کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2019ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر جیفری شا نے یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر مسز لورن ووگا بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا خصوصاً دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، مودی نے کشمیر پر اتنے مظالم ڈھائے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی، 50 دنوں کے کرفیو کے باوجود مودی کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا نہ ہی آزادی کی جدوجہد کو دبا سکا، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی دنیا کے سامنے اجاگر کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، اس کی وجہ سے پاکستان ایشیا کا تجارتی حب بن جائے گا، بطور وزیراعلیٰ تمام مشنری سکولوں کو چرچ کے کنٹرول میں دیا، پہلی بار وزارت قائم کی اور فنڈز مقرر کئے، ایف سی کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا، بطور وزیراعلیٰ زراعت کے شعبہ کو بہت زیادہ ترقی دی۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے اس لیے اکتوبر میں تجارتی وفد پاکستان آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ آپس میں رابطے میں ہیں، آسٹریلیا پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں