ملک دشمن عناصر کیخلاف لڑتے ہوئے شہادت پانیوالے پولیس کے جوان قوم کو فخر ہیں‘ نعمان لنگڑیال

حکومت شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھو ڑے گی ، کفالت کیلئے جو ہو سکا کیا جائیگا ‘ وزیر زراعت کی آئی جی پنجاب سے ملاقات

جمعرات 10 اکتوبر 2019 00:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے ،امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے ملک دشمن عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت کارتبہ پانے والے جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے ،حکومت شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھو ڑے گی اور ان کی کفالت کے لئے جو ہو سکا وہ کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ آئی جی پنجاب نے وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال کوامن و امان، سری لنکن ٹیم کے دورہ کے لئے سکیورٹی انتظامات سمیت جرائم پر قابو پانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے منصوبوں سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر زاعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تھانہ کلچر میں تبدیلی چاہتے ہیں جس کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے سری لنکن ٹیم کے دورہ لاہور کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے پر آئی جی پنجاب سمیت تمام افسران او راہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ پولیس کے جوان عوام کی نیند کو پر سکون بنانے کیلئے خود جاگتے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے ۔

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نوازنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق پولیس کلچر میں تبدیلی لا رہے ہیں ۔تمام افسران او راہلکاروںکو واضح ہدایات ہیں کہ عوام کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے ۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہمارا فرض ہے جس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں