وزیر اعلی پنجاب کی مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

عوام کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے‘وزیراعلیٰ عثمان بزدار

منگل 15 اکتوبر 2019 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) زیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بعض اشیائے ضروریہ اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی۔وزیراعلی پنجاب نے صوبہ بھر میں گراں فروشوں کے خلاف موثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے مستقل سدباب کے لئے فول پروف میکانزم بنایا جائے، عوام کو گراں فروشوں کے سپرد نہیں کرسکتے، مہنگائی عام آدمی کا مسئلہ ہے جسے ہر قیمت پر حل کر کے رپورٹ وزیر اعلی آفس جمع کرائی جائے، گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہر چھوٹے بڑے شہر میں گراں فروشوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، اب کاغذی کارروائیاں نہیں چلیں گی، منافع خوروں کے خلاف ایکشن لینا ہو گا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باہر نکل کر منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف عملی اقدامات کرنا ہوں گے، ہم نے مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو ریلیف دینا ہے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہو گا، عوام کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے صارفین کی شکایات کے اندراج کیلئے ٹال فری نمبر متعارف کرایا ہے، کوئی بھی شہری ٹال فری نمبر 08000234 پرمہنگی اشیا بیچنے والوں کے خلاف شکایت درج کرا سکتا ہے، صارفین کی شکایت پر مہنگی اشیا بیچنے والے دکاندار اور تاجر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں