ڈنڈا بردار فورس ''کیساتھ اپوزیشن کا احتجاج جمہوری اور پر امن نہیں ہوسکتا ‘چوہدری محمد سرور

(ن) لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں مجبوری کے تحت جے یو آئی (ف) کا آزادی مارچ میں ساتھ دیںگی ‘گورنرپنجاب

منگل 15 اکتوبر 2019 17:46

ڈنڈا بردار فورس ''کیساتھ اپوزیشن کا احتجاج جمہوری اور پر امن نہیں ہوسکتا ‘چوہدری محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ'ڈنڈا بردار فورس ''کیساتھ اپوزیشن کا احتجاج جمہوری اور پر امن نہیں ہوسکتا کوئی شک نہیں کہ اپوزیشن کے احتجاج کا ایجنڈہ انتشار اور فساد کے سواکچھ نہیں۔(ن) لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں مجبوری کے تحت جے یو آئی (ف) کا آزادی مارچ میں ساتھ دیںگی ۔

سعودی عرب اور ایران کے در میان کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار کو پوری دنیا سر ہا رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت ہم صرف پاکستان ہی نہیں خطے اور دنیا میں بھی امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ المدثر سپیشل ایجوکیشنل کمپلکس'' انٹرنیشنل وائٹ کین سیفٹی ڈی'' کی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پرتحر یک انصاف کے مر کزی رکن ارشد داد،سید مدثر شاہ،ایم پی ایزمیاں اختر حیات ،چوہدری ارشدسمیت اراکین اسمبلی اورتحر یک انصاف کے دیگر راہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپوزیشن کی مختلف جماعتوں نے تحر یک انصاف کی موجودہ حکومت کے دور میں پنجاب سمیت دیگرصوبوں میں احتجاجی جلسے اور ریلیاں نکالیں ہیں مگر حکومت نے کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت میں احتجاج کر نا ہر سیاسی جماعت اور عوام کا جمہوری اور آئینی حق ہے اور اب بھی اگر اپوزیشن جمہوری اندار میں احتجاج کر یں تو ہمیں اس پر اعتراض نہیں مگر پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ جے یوآئی (ف) نے اپنی ڈانڈا بردار فورس تیار کر لی ہے اور جے یوآئی (ف) کے قائدین اس فورس سے سلامی بھی لے رہے ہیں مجھے بتایا جائے یہ کون سی جمہوریت اور کونسا جمہوری احتجاج ہی گورنر نے کہا کہ امن وامان اور عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے انشاء اللہ اس کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کر نیوالوں کے خلاف قانون ہر صورت حرکت میں آئیگا۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کوئی بھی اپوزیشن جماعت دل سے جے یوآئی (ف) کے ایجنڈے کو سپورٹ نہیں کر رہی وہ سب اپنی ذاتی اور سیاسی مجبوری میں احتجاج اور مارچ میں انکا ساتھ دیں گے مگر اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے وہ ذاتی وسیاسی مفادات کی بجائے ملکی اورقومی مفادات کو تر جیح دیں ورنہ قوم اور تاریخ انکو کسی صورت معاف نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف پورے ملک میں بھارت کے خلاف یوم احتجاج منایا جائیگا اپوزیشن کو بھی چاہیے وہ ضد چھوڑ دیں اور کشمیر یوں کے حق میں اور بھارت کے خلاف احتجاج کریں۔تقریب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ سپیشل افراد ہماری توجہ کے سپیشل حقدار ہیں میں سمجھتاہوں کہ صرف حکومت ہی نہیں مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ سپیشل بچوں کیلئے تعلیم اور صحت سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کر یں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ دنیا میں بڑی دولت اور بڑے عہدے والے لوگ نہیں بلکہ وہ لوگ ہی ہمیشہ تاریخ میں زندہ رہتے ہیں جو انسانیت کیلئے کام کرتے ہیں اور المدثر سپیشل ایجوکیشنل کمپلکس سپیشل بچوں کیلئے جو کام کر رہا ہے اسکی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں