وزیر اعلیٰ پنجاب کاگراں فروشوں کے خلاف موثر کارروائی کا حکم

منگل 15 اکتوبر 2019 19:01

وزیر اعلیٰ پنجاب کاگراں فروشوں کے خلاف موثر کارروائی کا حکم
لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بعض اشیائے ضروریہ اور سبزیوں کی قیمتوںمیں اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں۔ اب کاغذی کارروائیاں نہیں چلیں گی، ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لینا ہو گا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باہر نکل کر ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

ہم نے مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو ریلیف دینا ہے اورپرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر چھوٹے بڑے شہر میں گراں فروشوںکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مہنگائی کے مستقل سدباب کے لئے فول پروف میکانزم بنایا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں گراں فروشوں کے خلاف موثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو گراں فروشوں کے سپرد نہیں کرسکتے۔ مہنگائی عام آدمی کا مسئلہ ہے جسے ہر قیمت پر حل کر کے رپورٹ وزیر اعلی آفس جمع کرائی جائے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صارفین کی شکایات کے اندراج کیلئے ٹال فری نمبر متعارف کرایا ہے۔ کوئی بھی شہری ٹال فری نمبر08000234پرمہنگی اشیاء بیچنے والوں کے خلاف شکایت درج کراسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ صارفین کی شکایت پر مہنگی اشیاء بیچنے والے دوکاندار کے خلاف کارروائی ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں