مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی سیاست پر اتنے برے دن آ چکے کہ مولانا فضل الرحمان کا سہارا لینا پڑ رہا ہے، سردار دوست محمد مزاری

نواز شریف اور زرداری کا مولانا کارڈ ناکام ہوگا، یہ دونوں مولانا فضل الرحمان کو صرف ڈیل کے لیے استعمال کر رہے ہیں،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 15 اکتوبر 2019 22:16

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی سیاست پر اتنے برے دن آ چکے  کہ مولانا فضل الرحمان کا سہارا لینا پڑ رہا ہے، سردار دوست محمد مزاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی سیاست پر اتنے برے دن آ چکے ہیں کہ اب ان کو مولانا فضل الرحمان کا سہارا لینا پڑ رہا ہے ۔ نواز شریف اور زرداری کا مولانا کارڈ ناکام ہوگا، یہ دونوں مولانا فضل الرحمان کو صرف ڈیل کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبر میں اراکینِ پنجاب اسمبلی سے گفتگو کے دوران کیا۔موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے نام پر مفاد پرستوں کا ٹولہ اکٹھا ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور روشن مستقبل نہیں، ملکی مفاد اور ترقی نہیں، غریب کی غربت مٹانا نہیں، ملک میں انصاف کا بول بالا نہیں، ہر شہری کے لیے یکساں نظامِ تعلیم اور صحت کے مواقع فراہم کرنا نہیں بلکہ اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ آزادی مارچ کی باتیں کرنے والے اقتدار کے بھوکے لوگ ہیں اور اقتدار کے حصول کے لیے یہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں ، چاہے اس سے ملک میں انتشار پھیلے یا ملکی مفاد کو نقصان پہنچے۔لیکن ا ب ان کو یہ بات واضح کر لینی چاہیے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے بلیک میل نہیں ہوگی۔غیر جمہوری سوچ رکھنے والی جماعتوں کا یہ اتحاد حکومت کے لیے پانی کا بلبلہ ہے جس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کا مقصد فراموش نہیں کیا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکِ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں