جدیدیت کیلئے نئی ٹیکنالوجی کیساتھ ساتھ فرسودہ تعلیمی نظام کو بھی ختم کرنا ہو گا‘ ڈاکٹر عارف علوی

معاشرے سے غربت ، ناخواندگی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے تعلیم کے حصول کو آسان بنانا ہو گا علم کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہونے چاہئیں ،ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیزکی کانفرنس سے خطاب

بدھ 16 اکتوبر 2019 16:49

جدیدیت کیلئے نئی ٹیکنالوجی کیساتھ ساتھ فرسودہ تعلیمی نظام کو بھی ختم کرنا ہو گا‘ ڈاکٹر عارف علوی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جدیدیت کیلئے نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ فرسودہ تعلیمی نظام کو بھی ختم کرنا ہو گا،معاشرے سے غربت ، ناخواندگی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے تعلیم کے حصول کو آسان بنانا ہو گا،علم تک رسائی پر سب کا یکساں حق ہے،علم کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہونے چاہئیں ،یونیورسٹیوں کے مواد پر حق اشاعت کا اطلاق نہیں ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کی 33 ویںتین روزہ سالانہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ ہرشہری کیلئے تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے اوپن ڈور پالیسی کی ضرورت ہے،موجودہ دور میں انٹرنیٹ نے علم کو وسعت دینے کا ایک سستا موقع فراہم کیا ہے لہٰذاہر طالب علم کو ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ کا استعمال کرنا چاہیے جو کہ کتابوں اور دیگر تعلیمی مواد سے سستا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارا معاشرہ اور بیوروکریٹک نظام معاشرے میں جدیدیت کیخلاف ہے اور اب اس عمل کو تبدیل کیا جانا چاہیے ، جدیدیت کیلئے نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ فرسودہ تعلیمی نظام کو بھی ختم کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نئی نسل نے پچھلی نسل کی بجائے تیزی سے تبدیلیوں کا انتخاب کیا جنہوں نے تبدیلیوں کا انتخاب کرنے میں برسوںلگا دئیے۔

کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ کے ذریعے کلاس روم اورنصابی کتب کے تصور کو تبدیل کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں فاصلاتی نظام تعلیم بھی ایک جدید تکنیک تھی جس میں طلباء کسی خاص جگہ یا وقت کے پابند نہیں رہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر علوی نے کہاکہ فاصلاتی نظام تعلیم دنیا بھر میں مقبول ہورہا ہے اورفاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعے علم کی فراہمی کیلئے ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کاکردار قابل ستائش ہے۔صدر مملکت عارف علوی نے اوپن یونیورسٹیزکے ہونہار طلبہ کو ان کی نمایاں کارکردگی اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کوایوارڈز سے نوازا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں