پیراگون ہاؤسنگ کیس‘احتساب عدالت نے خواجہ برادران کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں،

جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اکتوبر تک توسیع

بدھ 16 اکتوبر 2019 17:00

پیراگون ہاؤسنگ کیس‘احتساب عدالت نے خواجہ برادران کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں،
لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعدرفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی بریت کی درخواستیں مسترد کر تے ہوئے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

اس موقع پر نیب کے سینئر سپیشل پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اعوان اور علی ٹیپو جبکہ ملزمان کی طرف سے اشتر اوصاف علی اور امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ خواجہ برادران نے عدالت کے روبرو نیب کی کارروائی کو چیلنج کرتے ہوئے فرد جرم ختم کرنے کی درخواست کی تھی تاہم عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30اکتوبر تک توسیع کر دی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کرتے ہوئے ان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔عدالت کے روبرو ملزمان کے وکیل اشتر اوصاف اور امجد پرویز نے بریت کی درخواستوں پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کمپنیز ایکٹ 2017 ء کے مطابق پیراگون کا ریفرنس نیب کی حدود میں نہیںآتا، قانون اور آئین کے مطابق بات کرنا ہمارا فرض ہے‘ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزمان کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

نیب نے پیراگون ہاؤسنگ کیس میں گزشتہ سال دسمبر میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد ملزمان کو لاہور ہائیکورٹ سے گرفتار کیا تھا‘ نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔ نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری‘نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں40 کنال اراضی موجود ہے‘ فریقین کے دلائل سٴْننے کے بعد عدالت نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو بدھ کو سنا دیا گیا۔

عدالت نے پیراگون ریفرنس کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں