10برس بعد خلا میں بچے پیدا ہوں گے

خلا میں جانے کے بعد نئے پراجیکٹ پر عمل شروع کر دیا گیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 17 اکتوبر 2019 07:10

10برس بعد خلا میں بچے پیدا ہوں گے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2019ء)   اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں واضح فرما دیا ہوا ہے کہ اس کائنات کو انسانوں کے لیے مسخر کردیا ہے اور عقل والوں کے لیے اس میں نشانیاں ہیں۔اب یہ انسانوں پر منحصر ہے کہ وہ اس کائنات میں چھپے رازوں سے کیسے پردہ اٹھاتے ہیں۔انسان نے اپنے عقل سے ٹیکنالوجی ایجاد کی اور اس پر مزید تحقیق کرتے ہوئے روز بہ روز آگے کی منزلیں طے کرتے جا رہے ہیں۔

ٹیکنالوجی نے یوں سمجھیے کہ بھونچال مچا رکھا ہے۔پہلے خلا میں پہنچنے کی بات ہوتی تھی اور اب خلا میں بچے پیدا کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔یوں تو خلاءمیں بسنے کی تیاریاں دنیا بھر میں زورو شور سے جاری ہیں اور اس کے لیے امریکا، چین، روس سمیت مختلف ممالک بڑھ چڑھ کر کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم ایک حیران خبر نے سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، تاریخ میں پہلی بار خلاءمیں بچوں کی زچگی کے مشن پر کام شروع ہو گیاہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خلاءمیں بچوں کی زچگی کے مشن پر کام شروع کردیا گیا۔ آئندہ بارہ سال کے اندر اندر خلاءمیں بچے کی پیدائش کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین کو 24 سے 36 گھنٹے کے مشن پر مدار میں قائم خلائی سٹیشن پر روانہ کیا جائے گا۔’اسپیس بورن‘ کے چیئرمین ڈاکٹر ایلبرٹ کا کہنا ہے کہ 2031ءتک خواتین خلا میں بچے پیدا کر سکیں گی، جس کا مقصد خلا میں انسانی آبادی کے تصور پر تحقیق کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہرین جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس مشن پر تحقیق کررہے ہیں۔تجربے کے لیے ایک کے بجائے درجنوں حاملہ خواتین کو میڈکل اسٹاف اور ڈاکٹروں کے ہمراہ خلا میں بھیجا جائے گا۔ڈاکٹر ایلبرٹ نے کہا کہ مشن کے پہلے مرحلے میں زمین کے سب سے نچلے مدار پر زچگی کا عمل یقینی بنایا جائے گا، اور یہ مشن کسی بھی قسم کے بڑے خطرے سے محفوظ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خلا میں صرف بچے کی زچگی پر کام کررہے ہیں، موسم کے حالات اور مدار کے گرد کشش ثقل کو مدنظر رکھتے ہوئے 2031 سے پہلے مشن کو تجربے کے لیے روانہ کیا جائے گا۔اس کے بعد زمین کے اگلے مداروں میں بتدریج ایسے تجربے کرتے ہوئے خلا کے دیگر حصوں تک بھی پہنچا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں