جیل میں آصف علی زرداری کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں ان کو کچھ ہوا تو حکمران ذمہ دار ہونگے ‘قمرزمان کائرہ

پیپلزپارٹی کے خلاف حکمرانوں کے انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہورہی،صحت کی بنیاد پر آصف علی زرداری بلیک میل نہیں ہونگے

جمعرات 17 اکتوبر 2019 15:10

جیل میں آصف علی زرداری کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں ان کو کچھ ہوا تو حکمران ذمہ دار ہونگے ‘قمرزمان کائرہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جیل میں آصف علی زرداری کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں،جیل اہلکار بھی انکی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ آصف علی زرداری کو شوگر، بلڈ پریشر، دل کی بیماری اور رعشہ کا مرض لاحق ہے ۔پیپلزپارٹی، حکومت، عدلیہ اور جیل انتظامیہ سے بار بار ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے ۔

آصف زرداری کی صحت کے بارے میں پیپلزپارٹی کی بات نہیں سنی جا رہی،آصف علی زرداری کو کچھ ہوا تو حکمران ذمہ دار ہوں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ آصف زرداری کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے اگرآصف زرداری کو ہسپتال منتقل نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کی کال دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے بعد سندھ کے عوام کو ایک بار پھر غلط پیغام بھیجا جا رہا ہے،پیپلزپارٹی کے خلاف حکمرانوں کے انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہورہی۔

انہوںنے کہاکہ صحت کی بنیاد پر آصف علی زرداری بلیک میل نہیں ہونگے۔پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔گردن اور زبان کٹوا کر بھی جو شخص نہ جھکے اسے اب کیسے جھکایا جا سکتا ہے،ان سفاک اور بزدلانہ ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی بلیک میل نہیں ہوگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں