برطانوی شاہی جوڑے کی ایس او ایس ولیج آمد، کیٹ مڈلٹن نے دو بچوں کو اُردو زبان میں سالگرہ کی مبارکباد دی

کیٹ مڈلٹن کی زبان سے اُردو سُن کر حاضرین بھی حیران رہ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 اکتوبر 2019 16:03

برطانوی شاہی جوڑے کی ایس او ایس ولیج آمد، کیٹ مڈلٹن نے دو بچوں کو اُردو زبان میں سالگرہ کی مبارکباد دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2019ء) : برطانوی شاہی جوڑا دوراہ پاکستان کے تیسرے روز آج لاہور پہنچا جہاں ان کا ریڈ کار پٹ استقبال کیا گیا۔ شاہی جوڑے کو ائیر پورٹ پر گورنر محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خو ش آمدید کہا، جبکہ دو بچوں نے پھول بھی پیش کئے۔ شاہی جوڑے نے لاہور آمد پر ایس او ایس ولیج کا دورہ بھی کیا۔ جہاں شاہی مہمان بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے گپ شپ کی۔

شاہی جوڑے نے بچوں کی بنائی ہوئی پینٹنگز کو سراہا اور ویلیج میں بچوں کو دی جانے والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔ ایس او ایس ولیج کے دورے پر برطانیہ کے شاہی جوڑے نے دو بچوں کی سالگرہ بھی منائی۔ اس موقع پر کیٹ مڈلٹن نے دونوں بچوں کو اُردو زبان میں سالگرہ کی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

کیٹ مڈلٹن کی زبان سے اُردو سُن کر حاضرین بھی خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔

شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بچوں کے نام لیتے ہوئے اُردو زبان میں ''سالگرہ مبارک'' کہا جس پر وہاں موجود تمام لوگوں کے چہروں پر مُسکراہٹ پھیل گئی۔ تمام شرکاء سالگرہ مبارک کے پیغام میں ان کے ہم آواز ہوگئے۔ کیٹ مڈلٹن کی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
واضح رہے کہ قبل ازیں دورۂ پاکستان کے پہلے استقبالیے میں برطانوی شہزادہ ولیم نے اُردو زبان میں حاضرین کو ''سلام'' کیا تھا اور ان کی مہمان نوازی پر ''شکریہ'' بھی ادا کیا تھا۔

جس پر انہوں نے پاکستانی قوم کے دل جیت لیے تھے۔ یاد رہے کہ لاہور آمد پر برطانوی شاہی جوڑے نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے مرد و خواتین کھلاڑی بھی موجود تھے، شاہی جوڑے نے کرکٹ بھی کھیلی اور محظوظ ہوئے۔ جبکہ برطانوی شاہی جوڑے کو تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کروایا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں