شریف خاندان کے افراد کی کوٹ لکھپت جیل میں قید مریم نواز سے ملاقات ،ڈاکٹر عدنان کو ملاقات سے روکدیا گیا

ڈاکٹرز کی ٹیم معائنے کیلئے جیل گئی لیکن فیملی کو کچھ نہیں بتایا گیا،مریم نواز کی صحت کوکچھ ہوا عثمان بزدار اور افسران ذمہ دار ہونگے ‘ حسین نواز کاٹوئٹ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:10

شریف خاندان کے افراد کی کوٹ لکھپت جیل میں قید مریم نواز سے ملاقات ،ڈاکٹر عدنان کو ملاقات سے روکدیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) شریف خاندان کے افراد نے کوٹ لکھپت جیل میں قید مریم نواز سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی ،ڈاکٹر عدنان کو مریم نواز سے ملاقات سے روک دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز سے ان کے بیٹے ، بیٹیوں اور دیگر اہل خانہ نے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی ۔

مریم نواز کے شوہر کیپٹن(ر ) محمد صفدر شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے ملاقات کے لئے نہ آ سکے۔جیل حکام نے ڈاکٹر عدنان کو مریم نواز سے ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔جیل حکام نے موقف اپنایا کہ ڈاکٹر عدنان کو ہائیکورٹ نے نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دی تھی، مریم نواز سے خاندان کے افراد کے علاوہ کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عدنان نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ میں نے مریم نواز سے میڈیکل کنسلٹیشن کے لئے ملاقات کرناتھی لیکن مجھے اس سے روک دیا گیا جو غیر انسانی رویہ ہے ۔

علاوہ ازیں مریم نواز کے بھائی حسین نواز نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹوئٹس میں کہا کہ جناح ہسپتال سے ڈاکٹرز کی ٹیم مریم نواز کے معائنے کیلئے جیل گئی لیکن اب تک فیملی کو کچھ نہیں بتایا گیا ۔ ڈاکٹر عدنان بھی فیملی کے ہمراہ ملاقات کے لئے گئے لیکن انہیںبھی ملنے سے روک دیا گیا۔ اگرمریم نواز کی صحت کوکچھ ہوا تو وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور انتظامیہ کے تمام افسر اس کے ذمہ دار ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں