جے یوآئی (ف) سے مذاکرات کسی دبائومیں نہیں بلکہ ملکی مفاد میں کر رہے ہیں،گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور

جمعرات 17 اکتوبر 2019 19:06

جے یوآئی (ف) سے مذاکرات کسی دبائومیں نہیں بلکہ ملکی مفاد میں کر رہے ہیں،گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ جے یوآئی (ف) سے مذاکرات کسی دبائومیں نہیں بلکہ ملکی مفاد میں کر رہے ہیں ۔سیاست میں بھی پہلے ناں پھر ہی ہاں ہوتی ہے، انشاء اللہ مولانا فضل الرحمن بھی مذاکرات کیلئے مان جائیں گے۔ حکومت کی تر جیح مسئلہ کشمیرا ور ملکی معیشت ہے اگر پاکستان میں اس وقت احتجاج اور دھر نے ہوں گے تو کشمیر کاز اور ملکی مفاد کو بھی نقصان ہوگا، ملک اس وقت ایسے کسی نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔

اپوزیشن کو سمجھنا چاہیے کہ ملک کسی ٹکرائو اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ڈینگی کے خاتمے اور عوام کو صحت جیسے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے عوام کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کر نی چاہیے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز گور نر ہائوس لاہور میں محکمہ سوشل ویلفیئربیت المال پنجاب کے زیر اہتمام ڈینگی آگاہی واک کے موقعہ پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر محکمہ سوشل ویلفیئربیت المال پنجاب اور مختلف فلاحی اداروںکے بچوں اور خواتین نے شر کت کی۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مولانا فضل الر حمن سے مذاکرات کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کچھ لوگوں کا کام ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا ہوتا ہے اگر حکومت مذاکرات نہ کر ے تو لوگ کہتے ہیں حکومت سولو فلائٹ کرتی ہے یہ مذاکرات نہیں کرتے اور اگر اب ہم نے مذاکرات کر نے کا فیصلہ کیا ہے تو کچھ لوگ کہتے ہیں مذاکرات کیوں کرتے ہیںجس سے ثابت ہوتا ہے سیاسی مفادات کیلئے کچھ لوگ بلاجواز حکومتی پالیسوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ پر امن احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے اورجہاں تک مولانا فضل الر حمن کی تقر یر میڈیا پر نہ دکھانے کا تعلق ہے تو حکومت نے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی پیمرا پاکستان کا آزاد اور خود مختار ادارہ ہے اگر وہ کسی پر کوئی پابندی لگاتا ہے تو حکومت کا ا س سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اس لیے اس ایشوز کو حکومت کیساتھ نہ جوڑا جائے۔

گورنر نے کہا کہ کشمیر یوں پر بھارت مظالم کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور دنیا کو واضح پیغام جا رہا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ بھارت مظالم کے خلاف اور کشمیر یوں کی تحریک آزاد ی میں انکے ساتھ ہے اس لیے اپوزیشن کو چاہیے وھر نوں اور احتجاج کی سیاست نہ کر یں بلکہ ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھا جائے۔ واک کے موقع پر اپنے خطاب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور مضبوطی میں کیلئے وہاں معاشرہ کا صحت مند ہونا ضروری ہے اور بر طانیہ جیسے ملک میں آج بھی لوگوں کو صحت اور صفائی کے حوالے سے باقاعدہ آگا ہی دی جاتی ہے اگرپاکستانی عوام اپنے ملک میں صفائی کو یقینی بنا لیں تواس میں کوئی شک نہیں کہ بہت سی بیماریوں سے عوام کو نجات دلائی جاسکتی ہے مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کا ہر فرد اس کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کر ے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا مر ض لاعلاج نہیں بلکہ اس کا علاج ممکن ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ محکمہ صحت اور دیگر حکومتی ادارے اس سے بچائو کیلئے جو ہدایات دیتے ہیں ان پر عمل کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں