شاہی مہمانوں کی بادشاہی مسجد آمدپر استقبال کیلئے 1800 فٹ لمبا ریڈ کارپٹ بچھایا گیا،فانوس بھی روشن کئے گئے

خطیب بادشاہی مسجد عبدالخبیر آزادنے مہمانوں کو بادشاہی مسجد کی پینٹنگ اور روایتی سفید شال پیش کی

جمعرات 17 اکتوبر 2019 20:37

شاہی مہمانوں کی بادشاہی مسجد آمدپر استقبال کیلئے 1800 فٹ لمبا ریڈ کارپٹ بچھایا گیا،فانوس بھی روشن کئے گئے
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) برطانوی شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی بادشاہی مسجد آمد کے موقع پر شاہی مہمانوں کے استقبال کیلئے 1800 فٹ لمبا ریڈ کارپٹ بچھایا گیا‘ اس موقع پر آرٹ کے مورخ فقیر سید اعزاز الدین نے مسجد کی تاریخی عمارت اور تاریخ کے متعلق شاہی مہمانوں کو بریفنگ دی‘ شاہی مہمانوں کی آمد پر فانوس بھی روشن کئے گئے‘ خطیب بادشاہی مسجد عبدالخبیر آزاد نے معزز مہمانوں کو شہزادے چارلس کے 2006ء اور شہزادی ڈیانا کے 1996ء میں بادشاہی مسجد کے دورہ کے بارے میں بتایا‘ مولانا عبدالخبیر آزاد نے اس موقع پر مہمانوں کو بادشاہی مسجد کی پینٹنگ اور روایتی سفید شال پیش کی‘ علاوہ ازیں شہزادہ ولیم نے مولانا عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں بادشاہی مسجد لاہور میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی‘ جس میں ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار‘ سابق ایم پی اے رمیش سنگھ اروڑا‘ بشپ سرفراز پیٹر سمیت اقلیتی رہنمائوں نے بھی شرکت کی‘ اجلاس میں معاشرہ میں بین المذاہب ہم آہنگی اور ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی‘ اس موقع پر شاہی جوڑے نے بین المذاہب ہم آہنگی کے آئیڈیا کوسراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں