اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنے کی سوچ کو شکست ہوئی‘ڈاکٹر طاہر القادری

اسلام دہشتگردی نہیں انسانیت کے احترام و بقا ء کی ضمانت دیتا ہے‘قائد منہاج القرآن کا ویڈیو لنک سے خطاب

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:39

اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنے کی سوچ کو شکست ہوئی‘ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے 39ویں یوم تاسیس پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے کارکنان اورذمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنے کے مذموم ایجنڈے کو شکست ہوئی ،تحریک منہاج القرآن نے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کے جھوٹے اورتعصب پر مبنی پراپیگنڈے کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں رد کیا، تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا کے مسلم اور غیر مسلم معاشروں کو بتایا کہ اسلام دہشت گردی نہیں انسانیت کے احترام و بقا کی ضمانت دیتا ہے، تحریک منہاج القرآن دین مصطفوی پر ہونے والے خارجی حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے، نوجوانوں کو علم، امن اور عمل کے راستے پر ڈالنے کے لیے برسرپیکار ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں منعقدہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب سے کینیڈا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اسلاف کے علمی ، روحانی کردار اور اقدار کا احیا کیا ہے ۔ تحریک کی عالمگیر اصلاحی ،تجدیدی کاوشوں سے دنیا بھر کے مسلم نوجوان خدمت دین کی طرف راغب ہوئے ۔

آج سے 39 سال قبل خدمت دین اور خدمت انسانیت کے جن مقاصد کیلئے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی گئی تھی ۔ اللہ تعالی نے ان تمام مقاصد کے حصول میں بے مثال کامیابی و کامرانی سے نوازا ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اللہ تعالی منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے انجام دی جانیوالی کارکنان کی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے،اجر عظیم عطا فرمائے ۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی39 سالہ جدوجہد کے ذریعے امت مسلمہ کو عدل ،اعتدال،عقیدے کی اصلاح،وسعت قلب و نظر اور اسلام کے مزاج کے ساتھ طبیعتوں کا ہم آہنگ ہونا ملا ۔ دریں اثنا تحریک منہاج القرآن کا 39واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے 100سے زائد ممالک میں جوش و خروش سے منایا گیا، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی چاردہائیوں پر مشتمل انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا کے 6براعظموں میں سیمینارز اور تاسیسی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں ہر جگہ وابستگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تجدید عہد کیا، ان تقاریب میں قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور درازی عمر کی دعائیں کی گئیں ، کیک کاٹے گئے، مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلی خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ1980 کی دہائی میں داتا کی نگری سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز ہوا، آج تحریک منہاج القرآن تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے بلاشبہ دنیا کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں ، تحریک منہاج القرآن اصلاح احوال ،علم اور امن کے فروغ کی عظیم انقلابی وتجدیدی تحریک ہے، تقریب میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلی انجینئر محمد رفیق نجم، احمد نواز انجم، ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک، سید الطاف شا ہ گیلانی، جواد حامد،عائشہ مبشر ،ام حبیبہ ،کلثوم جاوید، طیب ضیا، ایوب انصاری ،قاری ریاست و دیگر رہنما موجود تھے ۔

۔ یوم تاسیس کی تقاریب میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور درازی عمر کی دعا کی گئی ۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں مختلف شعبہ جات کی طرف سے کیک کاٹے گئے، ملکی خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں