برطانیہ کا تاریخی لمحہ آن پہنچا

یورپی یونین سے بریگزٹ معاہدہ کرلیا گیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ اکتوبر 06:18

برطانیہ کا تاریخی لمحہ آن پہنچا
برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2019ء)   اس وقت برطانیہ کے لیے ایک ہی مسئلہ گھمبیر ترین بناہوا ہے کہ بریگزٹ سے کس طرح نکلنا ہے۔حالانکہ بریگزٹ سے انخلا کرتے ہی ہزاروں لوگ بیروزگارہو جائیں گے مگر برطانیہ ہر صورت میں یہ کام کرنے پر تلا ہو اہے،سابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے بھی یہ معاہدہ نہ کرپانے کی وجہ سے مستعفی ہو گئی تھیں۔

جبکہ موجودہ وزیراعظم بورس جانسن نے اسی نعرے پر عہدہ حاصل کیا تھا کہ وہ بریگزٹ سے انخلا حاصل کر لے گااور ان کا وعدہ سچ ہوتا بھی نظر آ رہاہے کیونکہ انہوں نے معاہدہ حاصل کر لیا ہے اور اس پر عملدرآمد ہونا ابھی باقی ہے۔یورپی کمیشن کے صدر جین کلاڈ جنکر نے برسلز میں بلاک کے رہنماؤں کے سمٹ سے قبل بتایا کہ برطانیہ نے یورپی یونین سے سخت کوشش کے بعد بریگزٹ معاہدہ حاصل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم بورس جونسن کا کہنا تھا کہ 'ہم نے زبردست بریگزٹ معاہدہ حاصل کیا ہے'۔جین کلاڈ جنکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'جہاں چاہت ہو وہاں معاہدہ ہوتا ہے، یہ یورپی یونین اور برطانیہ کے لیے منصفانہ اور متوازن معاہدہ ہے اور ہمارے حل تلاش کرنے کا عہد نامہ ہے'۔انہوں نے آئندہ ہفتے یورپی کونسل کے رکن ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'میں تجویز کروں گا کہ یورپی کونسل اس معاہدے کی حمایت کرے'۔

بورس جونسن نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم نے زبردست معاہدہ حاصل کرلیا ہے جس کے ذریعے کنٹرول واپس لیا جائے گا'۔ان کا کہنا تھا کہ 'اب پارلیمنٹ کو ہفتے کے روز بریگزٹ مکمل کر لینا چاہیے تاکہ ہم دیگر ترجیحات کی جانب آگے بڑھ سکیں '۔دریں اثنا برطانیہ کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن کا کہنا ہے کہ بریگزٹ حاصل کرنے کا بہترین طریقہ عوام سے ووٹ کے ذریعے ان کی رائے لینا ہے۔

بریگزٹ معاہدے کے اعلان کے بعد پاؤند کی قدر میں ایک فیصد اضافہ ہوا اور برطانوی حصص کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔واضح رہے کہ بورس جانسن کو سابق برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کے استعفے کے بعد رواں برس جولائی میں برطانیہ کا وزیراعظم منتخب کیا گیا تھا اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ 31 اکتوبر کی مقررہ مدت سے قبل ہی یورپی یونین سے علیحدگی کا معاہدہ کرلیں گے۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments