چینی کمپنیاں تین سے پانچ سال میں خصوصی اقتصادی زونز میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی‘چینی سفیر

مینوفیکچرنگ سیکٹر کو پاکستان منتقل کرنا ایک انتہائی اہم اقدام ہوگا‘ یاؤ جِنگ کی فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو

جمعہ 18 اکتوبر 2019 13:16

چینی کمپنیاں تین سے پانچ سال میں خصوصی اقتصادی زونز میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی‘چینی سفیر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) چین کے سفیر یاؤ جِنگ نے کہا ہے کہ خصوصی اقتصادی زونز خاص طور پر فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے تحت کام کرنے والے زونز میں چینی کمپنیوں کے لئے متعدد شعبوں میں کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اس کے پیش نظر چینی کمپنیاں آئندہ تین سے پانچ سال میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فیڈمک سے جاری بیان کے مطابق چینی سفیر نے موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سراہا اور مختلف چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کا دیرینہ تجارتی اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے اور ہم سی پیک کے تحت مزید سرمایہ کاری کرنے اور پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے یہاں سے درآمدات میں اضافہ کے خواہشمند ہیں۔

ہم سی پیک میں شامل منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کے لئے سرگرم ہیں اور پر امید ہیں کہ اس کے کی تکمیل سے مزید ملازمتیں پیدا کرنے کے علاوہ صحت اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پنجاب سرمایہ کاری کا مرکز بنے گا اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے تعاون کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو پاکستان منتقل کرنا ایک انتہائی اہم اقدام ہوگا۔

فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے چینی سفیر کے خیالات اور یقین دہانیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی فروغ پذیر معیشت میں چین کے اعتماد اور پاک چین تعلقات کو اقتصادی شراکتداری میں تبدیل کرنے کی خواہش کے عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کررہی ہے اور کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اس میں حائل رکاوٹوں کو کم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں پیداواری لاگت کم کرنے کے لئے اپنے پلانٹ پاکستان منتقل کریں۔ میاں کاشف نے کہا کہ نئے بزنس مین اور سرمایہ کار خاص طور پر دبئی، برطانیہ ، امریکہ اور دیگر ممالک سے اوورسیز پاکستانی بھی انڈسٹریل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ انڈسٹیل اسٹیٹ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، فوڈ، اناج، کاسمیٹکس، الیکٹریکل پینل اور بجلی کی صنعتوں کے ساتھ ساتھ چاولوں کی پراسیسنگ فیکٹریوں کا مرکز بنے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی ای ڈی ایم سی کی سربراہی نجی شعبے کے پاس ہونے کی وجہ سے کاروباری ماحول کو تبدیل کرکے اسے جدید تقاضوں کے ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی۔ بعد ازاں میاں کاشف اشفاق نے چینی سفیر یاؤ جنگ سے کہا کہ وہ چینی فرنیچر کمپنیوں کو 3 روزہ میگا انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت کی دعوت دیں جو 22 نومبر سے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہو گی جس میں 100 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی برانڈز اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں