چچا نے معمولی سی بات پر ننھے بھتیجوں پر ظلم کی انتہا کر دی، تینوں بھتیجوں کو اُلٹا لٹکا کر مارتا رہا

بچوں کی والدہ ناراض ہو کر میکے چلی گئی تھی، بچے ماں سے ملنے چلے گئے تو چچا نے آپے سے باہر ہو کرتینوں بچوں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 اکتوبر 2019 11:42

چچا نے معمولی سی بات پر ننھے بھتیجوں پر ظلم کی انتہا کر دی، تینوں بھتیجوں کو اُلٹا لٹکا کر مارتا رہا
اوکاڑہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر2019ء) اوکاڑہ کے نواحی گاؤں 40-4L میں ایک ایسا انسانیت سو زواقعہ پیش آیا ہے جس نے ہر انسان کے دِل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے ایک گاؤں میں ظالم چچا نے معمولی سی بات پر اپنے تین ننھے مُنے بھتیجوں پر ظلم کی انتہا کر دی۔ یہ شقی القلب شخص بچوں کو اُلٹا لٹکا کر مارتا رہا۔بات صرف اتنی سی تھی کہ ان معصوم بچوں کی والدہ چند روز قبل کسی بات پر ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئی۔

بچوں کو ماں کی یاد ستائی تو قریب ہی واقع اپنے ننھیال گھر میں چلے گئے اور والدہ سے ملاقات کر کے واپس آگئے۔ بدقسمتی سے بچوں کے درندہ صفت چچا کو اس بات کی خبر ہو گئی تو اُس نے بچوں کے گھر واپس آنے پر اُنہیں شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

(جاری ہے)

چچا نے تینوں بچوں کو باری باری مارا۔ ایک بچے کو کپڑے سے باندھ کر لٹکایا اور پھر مارتا رہا۔بچے روتے رہے فریاد کرتے رہے، پر ظالم انسان کو ترس نہ آیا۔

بچوں نے بار بار معافی بھی مانگی، مگر یہ شخص ٹس سے مس نہ ہوا۔ اس نے بچوں کی چھوٹی چھوٹی عمروں کا بھی لحاظ نہ کیا۔عینی شاہدین کے مطابق وہاں اور بھی لوگ موجود تھے بلکہ وحشی صفت انسان کے خوف سے کسی کو اتنی جرات نہ ہوئی کہ اس شخص کو اس کی ظالمانہ حرکت سے باز رکھ سکے۔ میڈیا ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اوکاڑہ کے ڈی پی او جہانزیب نذیر خان نے نوٹس لے لیاجس کے بعد مقامی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو موقع پر موجود ایک شخص نے بنا کر وائرل کر دی ہے۔ جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین شدید غم و غصے کا شکار ہیں اور اس درندہ صفت شخص کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاکہ دیگر لوگوں کو مستقبل میں ایسا کرنے کی ہمت نہ پڑے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں